بھارتی کرکٹر دوران میچ دل کا دورہ پڑنے سے جاں بحق

دوران میچ دل کا دورہ پڑنے کے باعث بھارتی کرکٹر جاں بحق ہوگیا، یہ افسوس ناک واقعہ ریاست مدھیہ پردیش میں پیش آیا۔

تفصیلات کے مطابق کرکٹ میچ کے دوران دل کا دورہ ایک بھارتی کرکٹر کی جان لے گیا۔ بھارتی ریاست مدھیہ پردیش کے ضلع خارگون میں دو ٹیموں کے درمیان میچ جاری تھا کہ بولنگ کرتے ہوئے اندال سنگھ بنجارا کو سینے میں درد کی شکایت ہوئی۔

بولنگ کے دوران ہی 22 سالہ کرکٹر کو دل کا دورہ پڑا، اس دوران ساتھی کرکٹر بھی حیران و پریشان بولر کے پاس آگئے اور فوری طور پر اسے اسپتال روانہ کیا۔

تاہم بدقسمت کرکٹر اسپتال پہنچنے سے پہلے ہی راستے میں دم توڑ گیا۔ اسپتال انتظامیہ کا کہنا تھا کہ اندال سنگھ کو مردہ حالت میں اسپتال لایا گیا۔

بھارتی پولیس کے مطابق ہفتے کی شام کو کرکٹ میچ کے دوران بولنگ کرتے ہوئے اندال سنگھ جادھو بنجارا کو سینے میں تکلیف محسوس ہوئی تھی۔

اس حوالے سے تفصیلات بتاتے ہوئے اسپتال انتظامیہ نے کہا کہ دل کا دورہ کرکٹر کے لیے جان لیوا ثابت ہوا، پوسٹ مارٹم کے بعد لاش کو اہلخانہ کے سپرد کردیا گیا ہے۔