بھارتی اوپنر یشوی جیسوال نے بڑا کارنامہ انجام دے دیا ہے اور وہ رواں سال انٹرنیشنل کرکٹ میں ایک ہزار رنز بنانے والے پہلے کرکٹر بن گئے ہیں۔
بھارتی اوپنر بلے باز یشوی جیسوال کا ستارہ دو بھارتی لیجنڈ کرکٹرز روہت شرما اور ویرات کوہلی کے ٹی ٹوئنٹی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ لینے کے بعد سے عروج پر ہے اور ان کا بیٹ مسلسل رنز اگل رہا ہے۔
یشوی نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے بعد مسلسل بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے اور وہ رواں برس انٹرنیشنل کرکٹ میں ایک ہزار رنز کا سنگ میل عبور کرنے والے پہلے کھلاڑی بن گئے۔
بھارتی بلے باز نے یہ کارنامہ گزشتہ دنوں پالے کیلی میں سری لنکا کیخلاف دوسرے ٹوئنٹی 20 انٹرنیشنل میں انجام دیا۔ بارش سے متاثرہ اس میچ میں جیسوال نے 15 گیندوں پر 30 رنز کی جارحانہ اننگ کھیلی اور جب وہ اس اننگ میں سات رنز کے انفرادی اسکور پر پنہچے تھے تو ان کے نام کے آگے ایک ہزار کا ہندسہ جگمگا رہا تھا۔
جیسوال نے رواں برس اب تک 13 میچز میں 1023 رنز نام اسکور کیے ہیں۔ انہوں نے یہ اسکور 63.93 کی شاندار اوسط اور 94.54 کے اسٹرائیک ریٹ سے بنائے ہیں۔
ان کے ہزاریے میں 2 سنچریاں اور 5 نصف سنچریاں شامل ہیں اور ان کا بہترین انفرادی اسکور 214 ناٹ آؤٹ ہے۔
رواں برس سری لنکن بیٹر کوشل مینڈس 888 اور افغان کھلاڑی ابراہیم زدران 844 رنز بنا کر بالترتیب دوسرے اور تیسرے نمبر پر موجود ہیں۔