بھارتی کرکٹر محمد سراج کو گھر اور سرکاری ملازمت دینے کا اعلان

بھارت کے نوجوان مسلمان کرکٹر کو تلنگانہ کے وزیراعلیٰ ریونت ریڈی نے سرکاری ملازمت اور گھر کے لیے زمین دینے کا اعلان کیا ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق فاسٹ بولر محمد سراج نے گزشتہ روز وزیراعلیٰ تلنگانہ ریونت ریڈی سے جوبلی ہلز میں ان کی رہائشگاہ پر ملاقات کی جہاں ان کا پرتپاک استقبال کیا گیا۔

اس موقع پر ریونت ریڈی نے نوجوان فاسٹ بولر کو ورلڈ کپ جیتنے اور ان کی بہترین کارکردگی پر مبارکباد پیش کی اور موقع پر موجود حکام کو ہدایت کی کہ وہ محمد سراج کو حکومت کی طرف سے سرکاری ملازمت فراہم اور گھر کے لیے قطعہ زمین فراہم کریں۔

انہوں نے کہا کہ اس مقصد کے لیے حیدرآباد یا شہر کے اطراف میں کسی بھی اچھے مقام پر گھر کی اراضی کے لیے فوری نشاندہی کریں اور ملازمت فراہمی کے لیے بھی فوری اقدامات کیے جائیں۔

وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ محمد سراج بین الاقوامی کرکٹ میں اپنی بے انتہا صلاحیتوں کا بہترین مظاہرہ کررہے ہیں جس کی وجہ سے آج حیدرآباد کا نام روشن ہورہا ہے۔

واضح رہے کہ محمد سراج ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ جیتنے والی ٹیم کا حصہ تھے۔ ٹورنامنٹ جیتنے پر بی سی سی آئی نے بھی کرکٹرز پر دولت کی برسات کر دی تھی اور ہر کھلاڑی کو فی کس 5 کروڑ روپے ملے۔