موجودہ بھارتی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑی نے آئندہ سال پاکستان میں شیڈول آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کھیلنے کی خواہش ظاہر کر دی ہے۔
آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی آئندہ سال فروری مارچ میں پاکستان میں ہونی ہے۔ شو پیس ایونٹ میں شریک تمام ٹیمیں علاوہ بھارت نے ٹورنامنٹ کے لیے پاکستان آنے کی تصدیق کر دی ہے جب کہ بھارتی کرکٹ بورڈ نے ایک بار پھر روایتی ہتھکنڈے استعمال کرتے ہوئے ٹیم کی پاکستان آمد کو حکومتی اجازت سے مشروط کر دیا ہے۔
ایسے میں موجودہ بھارتی ٹیم کے اسپنر کلدیپ یادیو کے دل میں پاکستان آنے کی خواہش مچلنے لگی ہے اور انہوں نے یہاں شیڈول چیمپئنز ٹرافی کھیلنے کی خواہش ظاہر کر دی ہے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق کلدیپ یادیو کا کہنا ہے کہ وہ پہلے کبھی پاکستان نہیں گئے، اگر چیمپئنز ٹرافی کے لیے وہاں جانے کا موقع ملا تو وہ کافی پُر جوش ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ کرکٹر کا کام کرکٹ کھیلنا ہے، جہاں بھیجا جائے گا، جا کر کھیلیں گے۔ پاکستانی اچھے اور مہمان نواز ہیں، جب بھی موقع ملے گا وہاں جاکر کھیلیں گے۔
واضح رہے کہ بھارتی کرکٹ ٹیم کے اسپنر کلدیپ یادیو اپنی فیملی کے ہمراہ چھٹیاں منانے کے لیے آسٹریلیا گئے ہوئے ہیں، جہاں انہوں نے تاریخی میلبرن کرکٹ گراؤنڈ کا بھی دورہ کیا وہاں عظیم اسپنر آنجہانی شین وارن کے مجسمے کے ساتھ تصویر بھی بنوائی۔