بھارتی الیکشن، شاہ رخ اور سلمان خان کی ایک ساتھ انٹری

بھارت میں لوک سبھا کے انتخابات جاری ہے اور آخری مرحلے میں بھارتی فلم انڈسٹری کے سپر اسٹارز بھی اس میدان میں کود پڑے ہیں۔

بھارتی لوک سبھا کے مرحلہ وار انتخابات کا آخری مرحلہ جیسے جیسے قریب آ رہا ہے جوش وخروش بڑھتا جا رہا ہے اور مختلف شعبہ زندگی سے تعلق رکھنے والے غیر سیاسی افراد بھی سیاست کے اس میدان میں کود رہے ہیں۔

یوں تو بھارتی فلم انڈسٹری کی معروف اداکارہ کنگنا رناوٹ بی جے پی کی امیدوار ہیں لیکن اب دو بڑے سپر اسٹار شاہ رخ خان اور سلمان خان بھی اس میدان میں کود پڑے ہیں تاہم وہ الیکشن لڑ نہیں رہے بلکہ بھارتی عوام کو اپنا حق رائے دہی کے جمہوری استعمال کی ترغیب دینے سیاسی میدان میں داخل ہوئے ہیں۔

شاہ رخ خان سیاسی معاملات پر خاموشی اختیار کرتے ہیں لیکن لوک سبھا کے آخری مرحلے میں وہ بھی سوشل میڈیا کے ذریعے سامنے آئے ہیں اور بھارت کے شہریوں کو پیغام دیا ہے کہ وہ ذمے دار بھارتی شہری ہونے کے ناطے پیر کو مہاراشٹر میں اپنے ووٹ کا حق استعمال کریں اور اپنا فرض ادا کرتے ہوئے ملک کے بہترین مفاد کو ذہن میں رکھتے ہوئے ووٹ دیں۔

شاہ رخ خان کے ہم عصر اور ان کے دوست سلمان خان نے بھی اپنے مداحوں پر زور دیا ہے کہ وہ اپنے ووٹ کا حق استعمال کریں۔

بالی ووڈ کے بھائی جان نے 20 مئی کو مہاراشٹر میں ووٹنگ کے پانچویں مرحلے میں داخل ہونے کے حوالے سے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ایکس پر ٹویٹ کیا ہے جس میں انہوں نے کہا ہے کہ وہ 20 مئی کو ووٹ ڈالیں گے اور امید کرتے ہیں باقی سب بھی اپنے مادر وطن کے لیے ایسا ہی کریں گے۔

انہوں نے اپنی ٹوئٹ کے عنوان سے لکھا کہ ’’میں سال میں 365 دن ورزش کرتا ہوں چاہے کچھ بھی ہو اور اب میں 20 مئی کو اپنے ووٹ کا حق استعمال کرنے جا رہا ہوں چاہے کچھ بھی ہو۔ اس لیے جو کچھ کرنا ہے کرو یار، لیکن جاؤ اور ووٹ دو۔