’شکریہ حکومت پاکستان‘ بھارتی وزیر خارجہ کا بہترین مہمان نوازی پر ردعمل

بھارتی وزیر خارجہ جے شنکر نے دورہ پاکستان سے اپنے وطن واپسی کے موقع پر بہترین میزبانی کرنے پر حکومت پاکستان کا شکریہ بھی ادا کیا ہے۔

بھارتی وزیر خارجہ جے شنکر جو شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) سربراہی اجلاس میں شرکت کے لیے پاکستان آئے تھے۔ وطن واپسی کے لیے اسلام آباد سے روانہ ہونے کے موقع پر انہوں نے بہترین مہمان نوازی پر حکومت پاکستان، وزیراعظم شہباز شریف اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار کا شکریہ ادا کیا ہے۔

جے شنکر بھارت روانگی کے لیے جیسے ہی اسلام آباد نور خان ایئرببیس میں انڈین فضائیہ کے جہاز میں بیٹھے۔ انہوں نے واپسی کی تصاویر اپنی سوشل میڈیا سائٹ پر شیئر کیں اور پوسٹ میں لکھا کہ اسلام آباد سے واپس روانہ۔ وزیراعظم شہباز شریف، نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور پاکستان حکومت کی مہمان نوازی کا شکریہ۔

واضح رہے کہ جے شنکر کا دورہ 9 سال بعد کسی بھی بھارتی وزیر خارجہ کا پاکستان کا دورہ تھا۔ اس سے قبل آنجہانی سشما سوراج 2015 میں افغانستان کے معاملے پر ایک کانفرنس میں شرکت کے لیے پاکستان آئی تھیں۔

جے شنکر دورہ پاکستان کے دوران اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر اپنی مصروفیات کی تفصیلات بھی شیئر کرتے رہے جن میں ان کی اسلام آباد آمد پر استقبال اور ایس سی او کے دوران سائڈ لائن ملاقاتوں کی تصاویر بھی شامل تھیں۔

بھارتی وزیر خارجہ نے اسلام آباد میں انڈین ہائی کمیشن میں بدھ کی صبح چہل قدمی اور شجر کاری کی تصاویر بھی شیئر کیں۔

اس سے قبل ایس سی او سربراہی اجلاس میں خطاب کرتے ہوئے جے شنکر نے شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہی اجلاس کے کامیاب انعقاد پر پاکستان کو مبارکباد بھی پیش کی تھی۔