اسلام قبول کرنے کے بعد بھارتی لڑکی انجو نے نصر اللہ سے نکاح کرلیا

بھارتی لڑکی انجو اور دیربالا کے نصر اللہ کا نکاح ہوگیا، بھارتی لڑکی انجو نے اسلام قبول کرکے نیا نام فاطمہ رکھا ہے۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق پڑوسی ملک بھارت سے اپنی محبت کو پانے کے لیے پاکستان آنے والی انجو اور دیربالا کے نصر اللہ کا نکاح ہوگیا، بھارتی لڑکی انجو نے اسلام قبول کرلیا ہے اور اس کا اسلامی نام فاطمہ رکھا گیا ہے۔

انجو اور نصر اللہ کا نکاح ڈسٹرکٹ کورٹ دیر میں ہوا، فیس بک پر دوستی کے بعد بھارتی لڑکی انجو نوجوان نصر اللہ سے ملنے دیر بالا آئی تھی۔

واضح رہے کہ دیر بالا کے رہائشی 29 سالہ نصر اللہ میڈیکل کے شعبے سے وابستہ ہیں ان کی چند ماہ قبل بھارتی ریاست اترپردیش سے تعلق رکھنے والی لڑکی انجو سے فیس بک پر دوستی ہوئی تھی۔

ذرائع نے بتایا کہ انجو شادی شدہ ہے جب کہ پولیس کا کہنا ہے کہ انجو ایک ماہ کے وزٹ ویزے پر بھارت سے دیر بالا پہنچی ہے اور اس کی خواہش ہے کہ وہ کچھ روز پاکستان میں گزارے۔

اس سے قبل مقامی پولیس کا کہنا تھا کہ انجو بطور مہمان پاکستان پہنچی ہے اور نصر اللہ کے گھر پر رہائش پذیر ہے۔