بھارتی دراندازی، نیشنل کمانڈ اتھارٹی کا اجلاس آج طلب

India

اسلام آباد: بھارتی جارحیت اور دراندازی سے نمٹنے اور لائحہ عمل طے کرنے کے لیے نیشنل کمانڈ اتھارٹی کا اجلاس آج ہوگا۔

تفصیلات کے مطابق اجلاس میں اہم فیصلے کیے جائیں گے، جنگی جنون میں مبتلا بھارت کو منہ توڑ جواب دینے کے لیے لائحہ عمل طے کیا جائے گا۔

اجلاس میں بھارت کو کب، کیسے اور کہاں جواب دینا ہے اس کا فیصلہ کیا جائے گا، اور پاک بھارت تنازع کا بغور جائزہ بھی لیا جائے گا۔

قبل ازیں وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت بھارتی طیاروں کی دراندازی پر قومی سلامتی سے متعلق اجلاس ہوا تھا، اجلاس میں عسکری حکام، وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اور وزیر دفاع پرویز خٹک شریک ہوئے تھے۔

اجلاس میں بھارتی موقف کو ردر کرتے ہوئے فیصلہ کیا گیا تھا کہ بھارتی طیاروں کی دراندازی کے جواب میں کارروائی کے لئے پاکستان وقت اور جگہ کا انتخاب خود کرے گا۔

بھارت انتظار کرے، جواب ضرور دیا جائے گا: ڈی جی آئی ایس پی آر

اجلاس میں پوری قوم کو اعتماد میں لینے کیلئے پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس بلانے کا اعلان بھی کیا گیا تھا، اجلاس میں چیئرمین جوائنٹ چیفس اسٹاف کمیٹی ،تینوں افواج کےسربراہان کی شرکت کریں گے جبکہ وزرائےخارجہ، دفاع، خزانہ اور دیگر سول و ملٹری حکام بھی شریک ہوں گے۔

خیال رہے کہ گذشتہ روز بھارت کی جانب سے آزاد کشمیر کے علاقے میں دراندازی کی کوشش پر پاک فضائیہ نے بروقت ردعمل دیتے ہوئے دشمن کے طیاروں کو بھاگنے پر مجبور کردیا تھا۔