رضوان کیخلاف بیان دلوانے کی کوشش ناکام، بھارتی صحافی کو آسٹریلوی کپتان سے منہ کی کھانی پڑ گئی

بھارت کے متعصب صحافی کو پاکستانی بیٹر محمد رضوان کیخلاف آسٹریلوی کپتان سے بیان دلوانے کی کوشش میں ناکامی پر منہ کی کھانی پڑ گئی۔

ورلڈ کپ میں پاکستان آسٹریلیا میچ سے قبل کینگروز کپتان پیٹ کمنز کی پریس کانفرنس میں بھارت کے ایک متعصب صحافی نے سری لنکا کے میچ میں فتح گر اننگ کھیل کر مین آف دی میچ ایوارڈ مظلوم فلسطینیوں کے نام کرنے کے پاکستانی بیٹر محمد رضوان کے اقدام کو اپنے رنگ میں رنگ کر حماس سے منسوب کر دیا اور پیٹ کمنز سے اپنا من پسند متنازع بیان دلوانے کی کوشش کی۔

تاہم بھارتی صحافی کو اس وقت منہ کی کھانی پڑی جب پیٹ کمنز نے اس کے لفظوں کے جال میں پھنسنے سے بچتے ہوئ کہا کہ میں کھلاڑیوں کا اچھا اور مضبوط کردار دیکھنا پسند کرتا ہوں۔

 

واضح رہے کہ محمد رضوان نے سوشل میڈیا پوسٹ میں سری لنکا کیخلاف اپنی شاندار پرفارمنس پر ملنے والا مین آف دی میچ ایوارڈ غزہ کے بہن بھائیوں کے نام کیا تھا جس پر انکی آئی سی سی سے شکایت کی گئی تھی تاہم آئی سی سی نے اسے ان کا انفرادی معاملہ قرار دیا تھا۔

 

رضوان کی اس پوسٹ کی تپش غاصب اسرائیل تک محسوس کی گئی تھی جس نے پاک بھارت میچ میں بھارت کی جیت پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ ہم خوش ہیں کہ بھارت نے ورلڈ کپ کے میچ میں پاکستان کے خلاف کامیابی حاصل کی۔ پاکستان اپنی فتح حماس کے دہشت گردوں کے نام کرنے کے قابل نہیں رہا۔

 

دوسری جانب پاکستان ٹیم کے دیگر صحافیوں نے بھی اسرائیل کو ترکی بہ ترکی جواب دیتے ہوئے فلسطین سے اظہار یکجہتی کے لیے سوشل میڈیا پر فلسطین کے جھنڈے لگا کر غزہ کے مظلوم مسلمانوں سے غیر مشروط حمایت کا اظہار کیا تھا۔