بھارتی صدر نے طلبہ کو کس خطرے سے آگاہ کیا؟

بھارت کی صدر دروپدی مرمو نے طلبہ سے خطاب میں انہیں سنگین خطرے سے آگاہ کیا ہے۔

انڈین میڈیا کے مطابق بھارتی صدر دروپدی مرمو نے ہریانہ کی ایک یونیورسٹی کے کانووکیشن سے خطاب کرتے ہوئے جدید ٹیکنالوجی کے سنگین خطرے سے آگاہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ ٹیکنالوجی کو پائیدار ترقی اور عوامی مفاد کے لیے استعمال کی جانا چاہیے کیونکہ اس کا غلط استعمال تباہ کن ثابت ہو سکتا ہے۔

بھارتی صدر نے کہا کہ ٹیکنالوجی کی ترقی نے ترقی کی کئی راہیں کھول دی ہیں۔ دور دراز علاقوں میں انٹرنیٹ کی رسائی نے بہت سے آن لائن روزگار کے مواقع پیدا کیے ہیں، لیکن ہمیں یاد رکھنا چاہیے کہ کسی بھی چیز کا بے دریغ اور غلط استعمال ہمیشہ نقصان دہ ہی ہوتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پوری دنیا اس وقت چوتھے صنعتی انقلاب کے دور میں ہے ہندوستان بھی اس انقلاب کے چیلنجوں کا مقابلہ کرنے اور مواقع سے فائدہ اٹھانے کے لیے تیار ہے۔

دروپدی مرمو نے طلبہ کو نصیحت کی کہ وہ اپنی صلاحیتوں اور قابلیت پر بھروسہ رکھیں اور اپنے مقاصد کے حصول کے لیے اعتماد کے ساتھ آگے بڑھیں۔