بھارتی سپریم کورٹ نے صحافی محمد زبیر کو رہا کر دیا

بھارتی سپریم کورٹ نے مسلمان صحافی اور آلٹ نیوز کے شریک بانی محمد زبیر کو عبوری ضمانت پر رہا کر دیا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق سپریم کورٹ نےصحافی محمد زبیر کو تمام 6 مقدمات میں عبور ی ضمانت دے دی۔ صحافی محمد زبیر کو 20 ہزار روپ کے مچلکے جمع کرانا ہوں گے۔

عدالت نے محمد زبیر کے خلاف تمام ایف آئی آر یکجا کرنے کے درخواست منظور کر لی ہے۔ اتر پردیش میں درج 6ایف آئی آر دہلی پولیس کے اسپیشل سیل کو منتقل کر دیا گیا ہے۔

عدالت نے کہا ہے کہ محمد زبیر کسی بھی ایف آئی آر کو منسوخ کرانے دہلی ہائی کورٹ میں جا سکتے ہیں۔

محمد زبیر نے حقائق کی چھان بین کرنے والی ویب سائٹ ’الٹ نیوز‘ کی مشترکہ بنیاد رکھی تھی اور بھارت کی مسلم اقلیت کی بڑھتی ہوئی پسماندگی پر باقاعدگی سے ٹوئٹس بھی کیے تھے۔

واضح رہے کہ محمد زبیر نے حال ہی میں بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کی حکمران جماعت بی جے پی کی ترجمان نوپور شرما کی طرف سے پیغمبر اسلام حضرت محمد ﷺ کے بارے میں توہین آمیز الفاظ استمعال کرنے کی طرف توجہ مبذول کرانے میں کردار ادا کیا تھا جس کے بعد اسلامی دنیا میں بڑے پیمانے پر احتجاج کیا گیا تھا۔