’سکون ڈھونڈے تھانے جا رہی ہوں‘ بھارتی خاتون کی منفرد ٹویٹ پر پولیس نے کیا ردعمل دیا؟

افراتفری کی اس زندگی میں فی زمانہ تقریباً ہر شخص سکون کی تلاش میں ہے بھارتی خاتون نے تو اسے ڈھونڈنے کے لیے تھانے جانے کا قصد کیا جس پر پولیس نے دلچسپ ردعمل دیا۔

بھاگی دوڑتی زندگی، لاحاصل خواہشات کی تشنگی نے انسانی زندگی کو ایسے دوراہے پر لاکھڑا کیا ہے جہاں تقریباً ہر تیسرا شخص سکون کی تلاش میں ہے۔ اسی حوالے سے ایک منفرد اور دلچسپ پوسٹ سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہے جس نے سب کی توجہ اپنی جانب مرکوز کرا لی ہے۔

سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ایکس (ٹوئٹر) پر ایک ویدھیکا آریا نامی بھارتی خاتون نے ایک دلچسپ پوسٹ کی جس میں انہوں نے ممبئی پولیس کو ٹیگ کرتے ہوئے اس سے سکون ڈھونڈنے کی انوکھی درخواست کی ہے۔

ویدھیکا نے اپنی ٹویٹ میں لکھا کہ ’’پولیس اسٹیشن جار رہی ہوں کیونکہ میرا سکون کہیں گم ہو گیا ہے۔‘‘

 

ممبئی پولیس نے بھی سکون کی متلاشی خاتون کو ایکس پلیٹ فارم پر فوری ردعمل دیتے ہوئے کہا قدرے فکر انگیز جواب دیا کہ ’’مِس آریا، ہم میں سے بہت سے لوگ سکون کی تلاش میں ہیں۔‘‘

ممبئی پولیس نے خاتون کو مخاطب کرتے ہوئے مزید لکھا کہ ہم اس بات پر آپ کے ممنون ہیں کہ آپ نے ہم پر اعتبار کیا اور ہمیں یقین ہے کہ آپ روح میں سکون کو محسوس کریں گی لیکن کسی اور مسئلے کے لیے آپ بے شک ہمارے پاس آ سکتی ہیں۔

 

اس کے علاوہ ممبئی پولیس نے دلچسپ انداز میں ہیش ٹیگ استعمال کرتے ہوئے لکھا کہ ’ممبئی کے لیے سکون یقینی بنا رہے ہیں۔‘

خاتون کی اس انوکھی پوسٹ اور اس پر پولیس کا ردعمل دیکھتے ہی دیکھتے وائرل ہو گیا ہے اور لوگوں نے اس پر دلچسپ تبصرے بھی شروع کر دیے۔

 

آلاس پن نامی صارف نے اس ٹویٹ کے ردعمل میں ممبئی پولیس کی پول پٹی کھولتے ہوئے کہا کہ ’’پولیس نے آج تک کچھ ڈھونڈ کر دیا ہے؟‘‘