عالمی شہرت یافتہ امریکی پاپ سنگر ٹیلر سوئفٹ کا پیچھا کر کے انہیں ہراساں کرنے والا شخص قانون کے شکنجے میں آگیا۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق امریکی ریاست انڈیانا سے تعلق رکھنے والے شخص کو پولیس نے ٹیلر سوئفٹ کا پیچھا اور ہراساں کرنے کے الزام میں جیل میں ڈال دیا۔
ہراساں کرنے کا واقعہ اُس وقت پیش آیا جب وہ گزشتہ ماہ نیشویل کے نسان اسٹیڈیم میں اپنے کنسرٹ میں موجود تھی۔ ملزم کی شناخت مچل تائبل کے نام سے ہوئی جس کے خلاف تعاقب، دھمکی، رازداری پر حملہ اور ہراساں کرنے کے الزامات ہیں۔
متعلقہ: ٹیلر سوئفٹ سے معاشقے کی خبر پر دلجیت دوسانج بول پڑے
نیشویل کے محکمہ پولیس نے مچل تائبل کے جیل میں ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ ٹیلر سوئفٹ کی بلڈنگ کے پاس پولیس کو طلب کیا گیا، لیکن ٹیم کے پہنچنے سے قبل ملزم موقع سے فرار ہوگیا۔
پولیس نے بتایا کہ ملزم نے اپنا تعارف بطور صحافی کروایا، ٹیم نے کارروائی کرتے ہوئے اسے گرفتار کرلیا۔
مچل تائبل نے مبینہ طور پر انسٹاگرام کے ذریعے ٹیلر سوئفٹ کو پیغام بھیج کر ہراساں کیا، اس نے گلوکارہ کے والد کو بھی میسیجز ارسال کیے تھے۔