میزبان بھارتی ٹیم کی حیدرآباد ٹیسٹ میں شکست کے بعد انگلینڈ کے سابق کپتان مائیکل وان نے بڑا دعویٰ کردیا۔
انگلش ٹیم نے بھارتی سرزمین پر آخری بار 2012 میں ٹیسٹ سیریز اپنے نام کرنے کا اعزاز حاصل کیا تھا۔ اس کے بعد سے بھارتی ریڈ بال ٹیم کافی مضبوط ہو گئی اور انھیں کبھی سیریز جیتنے کا موقع نہیں دیا۔
اخبار میں اپنے کالم میں مائیکل وان کا کہنا تھا کہ مجھے اب بھی لگتا ہے کہ بھارت سیریز جیتنے کے لیے فیورٹ ہے کیونکہ اب ان کی جانب سے ردعمل سامنے آئے گا۔ تاہم بھارت کو یہ اندازہ لگانا ہوگا کہ انھیں کس طرح کی پچز تیار کرنی ہیں۔
سابق انگلش کپتان نے کہا کہ میں نے سیریز سے پہلے کہا تھا کہ بھارت زیادہ ٹرن والی وکٹ کے بجائے فلیٹ وکٹ تیار کرے جو اس کے لیے زیادہ بہتر رہے گا۔
انھوں نے یہ بھی کہا کہ بلیو شرٹس کو ایسی پچز تیار کرنے سے گریز کرنا چاہیے جس سے اسپنرز کو بہت فائدہ ملے۔
واضح رہے کہ مائیکل وان بحیثیت کمنٹیٹر اپنی اننگز جاری رکھے ہوئے ہیں۔ ان کی قیادت میں انگلینڈ نے 2005 کی مشہور ایشز سیریز میں کامیابی حاصل کی تھی، جو کہ 18 سالوں میں آسٹریلیا کے خلاف انگلینڈ کی پہلی ٹیسٹ سیریز جیت تھی۔