کیپ ٹاؤن میں بھارت کا بدترین ریکارڈ ابھی سے سورماؤں کے ہوش اڑانے لگا، انڈین ٹیم یہاں کبھی کوئی ٹیسٹ میچ نہیں جیت پائی۔
تفصیلات کے مطابق بھارتی کرکٹ ٹیم کو جنوبی افریقہ کے خلاف کیپ ٹاؤن میں ہونے والے دوسرے ٹیسٹ میں تاریخ بدلنے کے لیے کچھ الگ قسم کی پرفارمنس کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔ کیپ ٹاؤن میں بھارتی ٹیم کی کارکردگی کسی کلب لیول کی ٹیم سے بھی گئی گزری ہے۔
کیپ ٹاؤن کا نیولینڈز اسٹیڈیم اب تک بھارت کی کرکٹ ٹیم کے لیے ڈراؤنا خواب ثابت ہوا ہے۔ بلیو شرٹس کو یہاں کھیلے جانے والے 6 ٹیسٹ میچز میں بھی کامیابی نہیں ملی ہے۔
بھارتی ٹیم کا جنوبی افریقہ میں جنوبی افریقہ کے خلاف ریکارڈ ویسے بھی بدترین ہے۔ جنوبی ایشیائی ٹیم اب تک یہاں سے ٹیسٹ سیریز میں کبھی بھی فاتح بن کر نہیں لوٹی۔
سال 2010-2011 میں ایم ایس دھونی کی قیادت میں بھارتی ٹیم جنوبی افریقہ میں سیریز 1-1 سے ڈرا کرنے میں کامیاب رہی تھی۔
اس بار بھی بھارتی ٹیم کا جنوبی افریقہ کو اس کی سرزمین پر سیریز ہرانے کا خواب پورا نہیں ہوسکے گا کیوں کہ میزبان ٹیم کو پہلے ٹیسٹ میچ میں شکست ہوچکی ہے۔ اگر بلیوشرٹس کیپ ٹاؤن ٹیسٹ جیت بھی جائیں تو سیریز برابری پر ختم ہوگی۔
کیپ ٹاؤن میں کھیلے جانے والے چھ ٹیسٹ میچز میں سے 4 میں بھارت کو شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے جبکہ ٹیم دو میچ ڈرا کرنے میں کامیاب رہی۔ آخری بار 2022 میں ہونے والے ٹیسٹ میچ میں بھارت کو جنوبی افریقہ کے خلاف سات وکٹوں سے شکست ہوئی تھی۔