نئی دہلی : مالی سال کے پہلے دس ماہ کے دوران روس سے ہندوستان کو تیارشدہ فولاد کی درآمدات کم از کم 8سال کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئیں۔
اس حوالے سے غیرملکی خبر رساں ادارے روئٹرز کے مرتب کردہ سرکاری اعداد و شمار سے ظاہر ہوتا ہے کہ بھارت دنیا کا دوسرا سب سے بڑا خام اسٹیل کا درآمد کنندہ ہے۔
رپورٹ کے مطابق اپریل 2022 میں شروع ہونے والے مالی سال کے پہلے 10 مہینوں کے دوران بھارت نے اپریل اور جنوری کے درمیان روس سے 281ہزار ٹن اسٹیل درآمد کیا جو کہ ایک سال پہلے کی اسی مدت کے مقابلے میں تقریباً پانچ گنا زیادہ ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ دونوں ممالک کے درمیان بڑھتی ہوئی تجارتی سرگرمیاں گزشتہ سال یوکرین پر روس کے حملے کے نتیجے میں روس پر مغربی پابندیاں عائد کیے جانے کے بعد روسی اسٹیل کی تجارت کے بہاؤ میں تبدیلی کی وجہ سے ہیں۔
اس حوالے سے روئٹرز سے بات چیت کرتے ہوئے بھارت کے سب سے بڑے اسٹیل مینوفیکچرر جندال نے کہا کہ انہیں توقع ہے کہ اگلے مالی سال میں اسٹیل کی برآمدات پانچ سال کی بلند ترین سطح پر پہنچ جائیں گی جو روس کی بڑھتی ہوئی ترسیل اور جنوبی امریکہ اور مشرق وسطیٰ میں برآمدات کا خوش آئند آغاز ہے۔