احمد آباد طیارہ حادثے کے بعد ایک اور فلائٹ کی ہنگامی لینڈنگ

بھارت میں احمد آباد طیارہ حادثے کے بعد ایک اور فلائٹ کی ہنگامی لینڈنگ کی گئی ہے۔

بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق احمد آباد طیارہ حادثے کے چند دن بعد ہی ایک اور فلائٹ کے پائلٹ نے مے ڈی کال دی، طیارہ گوہاٹی سے چنئی جارہا تھا جس کی بنگلورو میں ہنگامی لینڈنگ کی گئی۔

انڈیگو کے طیارے میں  168 مسافر سوار تھے۔

رپورٹ کے مطابق ایندھن کی سطح خطرناک حد تک کم ہونے کی وجہ سے پائلٹ کی جانب سے ہنگامی لینڈنگ کی گئی۔

یہ پڑھیں: ایئر انڈیا طیارہ حادثہ : زندہ بچ جانے والے شخص کی نئی ویڈیو وائرل

پائلٹ نے پھر چنئی میں لینڈنگ کی کوشش نہ کرنے کا فیصلہ کیا اور طیارے کو لینڈنگ کے لیے بنگلورو کی طرف موڑ دیا گیا۔ ڈائریکٹوریٹ جنرل آف سول ایوی ایشن (ڈی جی سی اے) نے معاملے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔

واضح رہے کہ ایمرجنسی کا یہ واقعہ ایئر انڈیا کے بوئنگ 787-8 ڈریم لائنر کے المناک حادثے کے ٹھیک ایک ہفتہ بعد پیش آیا ہے۔ 12 جون کو طیارہ لندن کے لیے ٹیک آف کے فوراً بعد احمد آباد میں رہائشی عمارتوں سے ٹکرا گیا، جس میں سوار 241 افراد ہلاک ہو گئے تھے جب کہ صرف ایک مسافر زندہ بچ گیا۔

جمعہ کو چنئی سے مدورائی جانے والی انڈیگو کی ایک اور پرواز کو بھی تکنیکی خرابی کے باعث ہنگامی لینڈنگ کرنا پڑی تھی۔