کندھ کوٹ پولیس کی کارروائی، چند روز قبل اغوا ہونے والا شیرخوار بازیاب

کندھ کوٹ: سندھ کے شہر کندھ کوٹ میں پولیس نے کامیاب کارروائی کرتے ہوئے چند روز قبل اغوا ہونے والے بچے کو بازیاب کروالیا۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق کندھ کوٹ میں پولیس نے کچے کے علاقے توج نہر پر آپریشن کرتے ہوئے اغوا کاروں کے ٹھکانے سے دو سالہ بچے مسرور بکھرانی کو بازیاب کروالیا ہے۔

ایس ایس پی زبیر نذیر شیخ کا کہنا ہے کہ 10 روز قبل ڈاکوؤں نے شیر خوار بچے کو اغوا کیا تھا۔

پولیس حکام کا بتانا ہے کہ پولیس کی فائرنگ سے ڈاکو فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے جن کی تلاش میں چھاپے مارے جارہے ہیں۔

واضح رہے کہ گزشتہ ماہ سندھ کے کچے کے علاقے میں موجود ڈاکوؤں کے خلاف بھرپور آپریشن کا فیصلہ کیا گیا تھا۔

آئی جی سندھ غلام نبی میمن کا کہنا تھا کہ مذکورہ علاقوں میں 300کے قریب مسلح ڈاکو ہیں جن کو حکومت سندھ سے نوٹیفائی کروا رہے ہیں۔

سندھ پولیس کی جانب سے ایک ڈاکو کے سر کی قیمت 25 سے 50 لاکھ روپے تک کرنے کی سفارش کی گئی تھی۔ ۔