شیر خوار بچہ دادی کے ہاتھوں سے پھسل کر نالے میں بہہ گیا

شیر خوار بچہ دادی کے ہاتھوں سے پھسل کر نالے میں بہہ گیا

نئی دہلی: بھارت کی ریاست مہاراشٹر میں 6 ماہ کا شیر خوار بچہ حادثاتی طور پر بہتے ہوئے نالے میں گر کر لاپتا ہوگیا۔

بھارتی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق سوشل میڈیا پر ایک افسوسناک ویڈیو گردش کر رہی ہے جس میں ایک ماں کو نالے کے پاس کھڑے ہو کر روتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔

دراصل یوگیتا شنکر نامی خاتون اپنے بچے اور ساس کے ہمراہ کلیان ریلوے اسٹیشن پر ریل کی پٹری سے پیدل گزر کر رہے تھی کہ موسلادھار بارش کی وجہ سے اچانک پاؤں پھسل جانے کی وجہ سے گر پڑی۔

یوگیتا شنکر کی ساس نے اس سے بچہ لے لیا اور سہارا دے کر اُٹھانے کی کوشش کی مگر تیز بارش کی وجہ سے بچہ ساس کے ہاتھوں سے پھسل کر نالے میں گر کر بہہ گیا۔

ایک عینی شاہد نے بغیر وقت ضائع کیے ریسکیو ٹیم کو فون کر کے طلب کرلیا جس کے بعد بچے کی تلاش شروع کی گئی۔ کئی گھنٹے کے سرچ آپریشن کے باوجود بھی بچے کا کوئی سراغ نہ مل سکا۔

افسوسناک حادثے پر مہاراشٹر کے وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے نے دُکھ کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ حکام کو متاثرہ فیملی کی فوری مدد کرنے کی ہدایت کر دی۔

وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے نے اپنے بیان میں کہا کہ تمام ریسکیو ٹیمیں مختلف مقامات پر الرٹ ہیں اور سب کو بچے کی تلاش کیلیے کوششیں تیز کرنے کی ہدایت جاری کر دیں۔