اسلام آباد : مہنگائی ملک کی بلند ترین سطح 48.35 فیصد کی سطح پر پہنچ گئی ، ایک ہفتے کے دوران شرح میں 1٫05 فیصد کا بڑا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان میں مہنگائِی کے سارے ریکارڈ ٹوٹ گئے اور مہنگائی ملک کی بلند ترین سطح 48.35 فیصد کی سطح پر پہنچ گئی۔
ادارہ شماریات نے ہفتہ وارمہنگائی کی رپورٹ جاری کردی ، جس میں بتایا گیا کہ ایک ہفتے میں مہنگائی کی شرح میں 1٫05 فیصد کا بڑا اضافہ ریکارڈ ہوا۔
ادارہ شماریات کا کہنا تھا کہ ایک ہفتےمیں 30 اشیاء کی قیمتوں میں اضافہ ریکارڈ کیاگیا، اس دوران چکن 35 روپے 74 پیسے، آلو 3 روپے 4 پیسے فی کلو مہنگے جبکہ نیڈو دودھ کا 390 گرام پیکٹ 26 روپے 4 پیسے مہنگا ہوا۔
رپورٹ میں کہا گیا کہ دال چنا 4 روپے 82 پیسے، دال مسور 5 روپے 11 پیسے فی کلو مہنگی جبکہ حالیہ ہفتے انڈے 4 روپے89 پیسے فی درجن مہنگے ہوئے۔
ادارہ شماریات کے مطابق مٹن 26 روپے 61 پیسے آٹے کا 20کلو تھیلا 24 روپے 61 پیسے مزید مہنگا ہونے کے ساتھ ساتھ کیلے ، تازہ دودھ، دہی چاول سمیت دیگر اشیاء بھِی مہنگی ہوئیں۔
اس کے علاوہ ایک ہفتے میں 9 اشیاء کی قیتموں میں کمی ریکارڈ کی گئی، ایک ہفتے میں 12 اشیائے ضروریہ سستی ہوئیں ، پیاز 12 روپے 81 پیسے لہسن 12 روپے 56 پیسے فی کلو ، ٹماٹر، ایل پی جی کا گھریلو سلنڈر اور خوردنی گھی سستا ہوا۔