با اثر افراد نے 2 دن تک میت دفنانے نہیں دی

فیصل آباد: پاکستان کے گنجان آباد شہر فیصل آباد کے قدیم ترین قبرستان میں با اثر افراد نے 2 دن تک میت دفنانے نہیں دی۔

تفصیلات کے مطابق پنجاب کے شہر فیصل آباد کے قدیم ترین قبرستان نور شاہ ولی قبرستان میں اوقاف ملازمین کی ملی بھگت سے مبینہ قبضے کے باعث شہریوں کو میت دفنانے میں شدید مشکلات کا سامنا ہے۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق با اثر افراد نے نور شاہ ولی قبرستان میں ایک خاندان کو میت دفنانے سے روک دیا، جس کے باعث 2 دن سے تدفین نہ ہو سکی، میت کے لواحقین نے قبضے اور محکمہ اوقاف کے خلاف احتجاج کیا۔

خاندان کے ایک فرد نے بتایا کہ مرنے والا ان کا بھانجا تھا، گزشتہ روز ان کا انتقال ہوا، لیکن تدفین ابھی تک نہیں ہو سکی ہے، کیوں کہ قبرستان پر با اثر افراد کا قبضہ ہے۔

خیال رہے کہ فیصل آباد کے تقریباً ایک ہزار سال پرانے قبرستان میں مٹی کی ڈھیریوں کو قبریں ظاہر کر کے جگہ پر قبضہ کرنے کا سلسلہ بہت پرانا ہے، ماضی میں عوامی شکایات پر یہاں تحقیقات بھی کی گئی تھیں، جس سے پتا چلا کہ محکمہ اوقاف کے عملے کی ملی بھگت کے ساتھ قبرستان میں جگہ جگہ قبر کی صورت میں مٹی کی ڈھیریاں بنا کر قبضہ کیا گیا ہے۔