لاہور : مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف کا کہنا ہے کہ قوم سے وہی وعدےکرناچاہتاہوں جس پر پورا اترا جاسکے ،ملکی معیشت وینٹی لیٹرپرہےاس بیمارمعیشت کو توانا بنا کر ہی دم لیں گے۔
تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ ن کے قائد نوازشریف کی پارٹی رہنماؤں سے اہم بیٹھک کی اندرونی کہانی سامنے آگئی، ذرائع نے بتایا ہے کہ پارٹی کے مخلص اور قربانیاں دینے والے کارکنوں کو پارٹی ٹکٹ کےلئے ترجیح دی جائے گی۔
ذرائع ن لیگ کا کہنا تھا کہ جن لوگوں نے مشکل وقت میں پارٹی کو دھوکہ دیا انہیں کسی صورت ٹکٹ نہیں دیا جائےگا، آئندہ انتخابات میں پڑھے لکھے نوجوانوں کو ترجیح دی جائے گی۔
اجلاس میں نوازشریف نے اپنے انتخابی حلقوں پر بھی رفقاء سے مشاورت کی ، جس میں نوازشریف کو ایک سے زائد انتخابی حلقوں سے الیکشن لڑنے کی تجویز دی گئی۔
نواز شریف کا کہنا تھا کہ قوم سےوہی وعدےکرنا چاہتا ہوں جس پرپورااترا جاسکے، ملکی معیشت اس وقت وینٹی لیٹر پر ہے اس بیمار معیشت کو تندرست و توانا بناکر ہی دم لیں گے۔
انہوں نے کہا کہ آپریشن رد الفساداور ضرب عضب سے دہشت گردی کا خاتمہ کیا، جب اقتدار میں آئے تو لوڈ شیڈنگ کا جن بوتل میں بند کیا، ملک بھر ترسیل کا نظام بہتر کرنے کےلئے بین الاقوامی معیار کی سڑکیں پل اور ٹرانسپورٹ نظام متعارف کروایا، جس کا کریڈٹ کوئی ن لیگ سے چھین نہیں سکتا۔
نوازشریف نے21اکتوبرکومینار پاکستان پر تاریخی استقبال پر رہنماؤں ،کارکنوں کی کارکردگی کوسراہتے ہوئے کہا کہ ماضی کی تینوں حکومتوں میں معیشت ہمارے ایجنڈے کا بنیادی نکتہ رہا ہے، معیشت کی بہتری کی ہمیشہ بھرپور کوشش کی، معیشت کے موضوع میں صنعت ، برآمدات اور مہنگائی سمیت سب کچھ ہی آجاتا ہے، اللہ نے پھر موقع دیا تو ہماری حکومت کی اولین ترجیح معیشت کی بہتری ہوگی۔
ن لیگی قائد کا کہنا تھا کہ عوام کی خدمت سے بڑی خوشی کسی اور چیز سے نہیں ملتی، تمام بڑے بڑے منصوبے ہمارے دور میں ہی لگے ہیں، الحمدللہ، 1999 سے شروع رفتار جاری رہتی تو آج ہم ایشیا میں سب سے آگےہوتے۔
انھوں نے اپنے دور حکومت کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے 4سال ڈالر کو ہلنے نہیں دیا، 104 روپے پر ڈالر کو روکا ، آئی ایم ایف نے خود کہا کہ پاکستان بہت جلد پاؤں پر کھڑا ہوجائے گا، اب پاکستان کو ہماری ضرورت نہیں ہوگی،ہم نے تو آئی ایم ایف کو خداحافظ کہہ دیا تھا۔