کراچی: وفاقی وزیرہوا بازی غلام سرورخان کی زیر صدارت اہم اجلاس ہوا جس کی اندرونی کہانی اے آر وائی نیوز نے حاصل کرلی۔
تفصیلات کے مطابق اجلاس کے دوران ڈی جی سی اے اے، سیکریٹری اور سی اے اے کے اعلیٰ افسران نے شرکت کی۔ چیف آپریٹنگ آفیسرز نے ائیرپورٹ سے متعلق شکایت کے انبار لگا دیئے۔
اجلاس میں تمام بڑے ائیرپورٹ کے چیف آپریٹنگ آفیسرز بھی شریک ہوئے، ایئرپورٹ منیجروفاقی ہوابازی کے سامنے پھٹ پڑے۔ اور کہا ایف آئی اے سمیت دیگر ادارے ایئر پورٹ منیجر کے احکامات نہیں مانتے۔
ایئرپورٹ مینجر کا کہنا تھا کہ مختلف ائیرپورٹس پر ایف آئی اے کی بےپناہ شکایات موصول ہورہی ہیں، شکایات کی وجہ سے مسافروں کو مشکلات کا سامناہے، جس کے باعث مسافر اور عملے کے درمیان تناؤ ہے۔
پاکستانی سائنسدان کا پاسپورٹ پھاڑنے والا ایف آئی اے اہلکارمعطل
خیال رہے کہ حال ہی میں پاکستانی سائنسدان کا پاسپورٹ پھاڑنے پر ایف آئی اے اہلکار کو معطل کردیا گیا تھا جبکہ اے ایس آئی محمد ابو بکر کے ملتان ائیر پورٹ داخلے پربھی پا بندی عائد کی گئی۔
یاد رہے یہ واقعہ 19 دسمبر کو ملتان ائیرپورٹ پر پیش آیا تھا، ڈاکٹر فیصل اپنی فیملی کے ہم راہ عمرے سے واپس پاکستان پہنچے تھے، جہاں نوجوان سائنس دان کی کھانسی کو ایف آئی اے عملے نے اپنی شان میں گستاخی سمجھا، اور تلخ کلامی پر امیگریشن عملے نے ان کے پاسپورٹ سے ویزے والا صفحہ پھاڑ کر پاسپورٹ منہ پر مارا جس سے ان کی آنکھ کے اوپر نشان بھی بنا۔