انسپکٹر کی ’بلب‘ چُرانے کی ویڈیو وائرل

بھارت میں پولیس انسپکٹر کی ایل ای ڈی بلب چرانے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق پریاگ راج کے پھول پور علاقے کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہورہی ہے جس میں پولیس انسپکٹر کو آدھی رات کو پان کی دکان سے بلب چراتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔

مبینہ طور پر چوری 6 اکتوبر کو ہوئی تھی اور سی سی ٹی وی میں پکڑی گئی تھی۔

پھول پور کے علاقے کوتوالی میں تعینات انسپکٹر راجیش ورما کو ویڈیو وائرل ہونے کے بعد ایس ایس پی نے معطل کر دیا۔

ویڈیو میں انسپکٹر کو بند پان کی دکان کے قریب آتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے وہ ارد گرد ایک نظر دوڑاتا ہے اس کے بعد تیزی سے دکان کے باہر ایل ای ڈی بلب اتار کر اسے اپنی جیب میں رکھ کر وہاں سے چلا جاتا ہے۔

رپورٹ کے مطابق دسہرہ میلے کی رات پولیس اہلکار نائٹ ڈیوٹی پر تھا اگلی صبح جب دکاندار نے بلب غائب دیکھا تو اس نے سی سی ٹی وی فوٹیج چیک کی اور یہ جان کر حیران رہ گیا کہ چور ایک انسپکٹو تھا۔

ملزم کو حال ہی میں ترقی دی گئی تھی اور اسے پچھلے آٹھ ماہ سے پھول پور تھانے میں تعینات کیا گیا تھا۔

دوسری جانب معطل پولیس اہلکار نے وضاحت دیتے ہوئے کہا کہ اس نے محض بلب کو ہٹا کر اس جگہ پر لگایا تھا جہاں وہ تعینات تھا کیونکہ وہاں اندھیرا تھا تاہم اس کے خلاف محکمانہ انکوائری کا حکم دیا گیا ہے۔