انشورنس کمپنی لاکھوں کا ڈیتھ کلیم متوفی کے ورثا کو ادا کرے، صدر کی ہدایت

صدر عارف علوی نے پوسٹل لائف انشورنس کمپنی کو متوفی کے ورثا کو انشورنس کلیم ادا کرنے کی ہدایت کردی۔

تفصیلات کے مطابق صدرِ پاکستان عارف علوی کی جانب سے انشورنس کمپنی کو 50 لاکھ کا ڈیتھ انشورنس کلیم 30 روز میں ادا کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

صدر مملکت عارف علوی نے وفاقی محتسب کے فیصلے کیخلاف انشورنس کمپنی کی اپیل مسترد کردی۔

انشورنس کمپنی نے متوفی کے غلط تاریخ پیدائش اور بیماری چھپانے پر کلیم کی ادائیگی سے انکار کیا تھا۔متوفی کے بیٹے نے کمپنی کیخلاف وفاقی محتسب میں شکایت درج کرائی تھی۔

صدر پاکستان کا کہنا تھا کہ انشورنس پالیسی شروع ہونے کے 2 سال بعد غلط معلومات پر چیلنج نہیں کی جاسکتی۔

انھوں نے کہا کہ لاہور ہائیکورٹ کے مطاباق شوگر جیسی بیماری چھپانے کو دھوکا دہی سے تعبیر نہیں کیا جاسکتا ہے۔