انٹر سال اول میں داخلہ لینے والے طلبا کے لئے بڑی سہولت

چ

کراچی : انٹر سال اول میں داخلے کے لیے پریشان طلبہ کو فارم جمع کرانے میں بڑی سہولت فراہم کر دی گئی۔

تفصیلات کے مطابق مرکزی داخلہ پالیسی کے تحت میرٹ پر مختلف کالجوں پر داخلہ حاصل کرنے والے91ہزار امیدواروں نے تاحال کالجوں میں داخلہ فارم جمع نہیں کرائے۔

ڈائریکٹر جنرل کالجز سندھ ڈاکٹر نوید رب صدیقی نے داخلہ فارم جمع کرانے کی تاریخ میں 3 دن کی توسیع کردی ہے۔

ڈاکٹر نوید رب صدیقی کا کہنا تھا کہ اب تک صرف 7 ہزار 18 امیدواروں کی جانب سے شہر کے مختلف کالجز میں داخلہ فارم جمع کرائے گئے ہیں۔

انھوں نے بتایا کہ طلبہ کی سہولت کے لیے کلیم فارم اور ایڈٹ آپشن ویب سائٹ پر موجود ہے لیکن امیدواروں کی جانب سے داخلہ فارم جمع نہ کرانے کے باعث کلاسز کا آغازمتاثر ہونے کا خدشہ ہےتاہم تین دن کی توسیع کے بعد طالبعلم اور والدین مرکزی داخلہ فہرست کے مطابق فوری طور پر متعلقہ کالجوں سے رجوع کریں اور داخلہ کے مرحلے کو مکمل کیا جائے۔

ڈی جی کالجز کے مطابق 15جون سے15جولائی تک مرکزی داخلہ پالیسی کے تحت آن لائن داخلہ فارم جمع کرانے کا وقت دیا گیا تھا اور 22 جولائی کو حتمی میرٹ لسٹ جاری کی گئی تھی۔

ڈی جی کالجز سندھ کا کہنا ہے کہ طلبا اور امیدوار اس ابہام میں نہ رہیں کہ کٹ آف مارکس کم کردیئے جائیں گے تاکہ ان کو ان کے مطابق زیادہ میرٹ والے کالجز میں داخلہ مل سکے۔

ڈی جی کالجز نے کہا کہ کٹ آف مارکس کا فارمولہ تبدیل نہیں کیا جائے گا اور 5 اگست سے انٹر سال اول سے کلاسوں کا آغاز کردیا جائے گا، البتہ ایسے امیدوار جو مرکزی داخلہ پالیسی کے تحت فارم جمع کرانے سے محروم رہ گئے تھے، ان کیلئے داخلہ ری اوپن کرنے کا آپشن بھی زیر غور ہے۔