راولپنڈی (13 اگست 2025): وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے شرح سود میں مزید کمی کی نوید سنا دی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا کہ شرح سود میں جلد کمی ہوگی جبکہ بجلی بھی سستی ہوگی، قومی سلامتی اور معاشی استحکام ضروری ہے گزشتہ ڈیڑھ سال میں معاشی طور پر مضبوط پیشرفت کی، افراط زر میں کمی کرنٹ اکاؤنٹ سرپلس اور ترسیلات زر میں ریکارڈ اضافہ ہوا۔
محمد اورنگزیب نے کہا کہ بینکوں سے کہا ہے پرائیوٹ سیکٹر کو قرضے فراہم کیے جائیں، نئے سرمایہ کاروں کی تعداد میں ریکارڈ اضافہ ہو رہا ہے اسٹاک مارکیٹ میں 65 ہزار نئے سرمایہ کار رجسٹرڈ ہوئے ہیں، زرعی قرضے ڈھائی ٹریلین کر گئے ہیں، گزشتہ سال ایک ٹریلین کا ڈیڈ بیک کیا ہے، رواں مالی سال قرضوں کی ادائیگی پر سود میں مزید کمی آئے گی۔
یہ بھی پڑھیں: مانیٹری پالیسی کا اعلان، شرح سود کتنے فیصد رہے گی؟
انہوں نے کہا کہ 78 سالوں میں پہلی بار ٹیرف اصلاحات کا آغاز ہوا ہے، وفاق میں 43 وزارتیں اور 400 سے زائد محکموں میں رائٹ سائزنگ جاری ہے، اس سال سرکاری اداروں کی نجکاری تیزی سے بڑھے گی، توانائی کے شعبے میں بھی نقصانات کم ہوئے ہیں۔
’ایف بی آر کی بات ہوتی رہے گی ٹرانسفارمیشن جاری ہے وزیر اعظم شہباز شریف خود مانیٹر کر رہے ہیں، ادارے کو شفافیت کی طرف لے کر جا رہے ہیں، زرعی آمدنی کو ٹیکس نظام کا حصہ بنایا گیا ہے۔ یہ حقیقت ہے ملکی قرضوں میں 41 فیصد اضافہ ہوا ہے۔‘
ان کہنا تھا کہ ہمیں ٹیکس نیٹ بڑھانا ہوگا تنخواہ دار پر مزید بوجھ نہیں ڈال سکتے ٹیکس میں خامیوں کو دور کرنے کی ضرورت ہے، پاکستان کی اقتصادی کامیابی عالمی سطح پر بھی دیکھی جا رہی ہے، عالمی ریٹنگ ایجنسی فچ نے ہماری ریٹنگ اپ گریڈ کی ہے۔
’امریکا سے ہماری کامیاب اور مثبت ٹیرف ڈیل ہوئی ہے۔ جام کمال اور ہارون اختر نےکل بڑے ایکسپوٹرز سے میٹنگ کی۔ آئی ایم ایف اور ورلڈ بینک سے ماحول دوست معاہدے طے پا رہے ہیں۔ پاکستان نے مڈل ایسٹ مارکیٹ سے ایک ارب ڈالر کا سرمایہ حاصل کیا ہے۔ ہماری پوری کوشش ہے اس سال کے آخر تک تمام ایشوز حل ہو جائیں گے۔‘