’پی ڈی ایم سربراہ کے مذہبی شخصیت ہوتے ہوئے شرح سود بڑھایا گیا‘

امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے کہا ہے کہ پی ڈی ایم کے سربراہ مذہبی شخصیت ہیں ان کے ہوتے ہوئے پاکستان میں شرح سود جنوبی ایشیا کے تمام ممالک سے زیادہ ہے۔

نشترہال میں جماعت اسلامی ضلع پشاور کے زیر اہتمام حرمت سود کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عدالتی فیصلہ پر عمل درآمد کے وعدہ کے باوجود سود کے خاتمے کے لیے ایک قدم نہیں اٹھایا پی ڈی ایم حکومت سے ہماری امیدتھی کہ یہ عدالتی فیصلےپرعمل کرےگی مولانافضل الرحمان پی ڈی ایم کےسربراہ ہیں اس لئے ہمیں ان سے امید تھی لیکن ان کی حکومت میں شرح سود بڑھا دیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ حکومت 12اگست تک اپنی مدت کے اختتام سے قبل سود کے خاتمے کے لیے قانون سازی کرے، انفرادی، صنعتی اور زرعی قرضوں پر سود کے بغیر اصل زر واپس لینے کا اعلان کیا جائے، ایسا نہ ہوا تو عوامی احتساب کے لیے تیار ہو جائے۔

سراج الحق کا کہنا تھا کہ ہم نے پورے ملک میں سود کیخلاف کانفرنس کیں سودی نظام کےخاتمے تک ہمارا جہاد جاری رہےگا کرپشن اور بدانظامی کی وجہ سےآج لوگ بھوکے رہنے پر مجبور ہیں علامہ اقبال نے1931میں کہا تھا بینکوں کا نظام یہودیوں کی سازش ہ جو حکومت سودی نظام نافذ کرنا چاہتی ہےجماعت اسلامی اس کیخلاف جنگ کرے گی۔

انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم، پیپلزپارٹی کی اتحادی حکومت نے15مہینوں میں پی ٹی آئی کی لگائی مہنگائی، بےروزگاری کی آگ کو مزید بھڑکایا ہے، کرپٹ لوگوں کی حکومت میں کرپشن ختم نہیں ہوسکتی۔