انگلینڈ اور آسٹریلیا کے درمیان ٹیسٹ سیریز کی تاریخ ڈیڑھ صدی پرانی ہے لیکن ان روایتی حریفوں کے مابین ایشز سیریز کی تاریخ بڑی دلچسپ ہے۔
جس طرح پاکستان اور بھارت کرکٹ کی دنیا کے دو روایتی حریف ہیں اسی طرح آسٹریلیا اور انگلینڈ بھی اس مقبول عام کھیل کے دو روایتی حریف مانے جاتے ہیں جن کے مابین ایشز سیریز 140 سال سے زائد عرصے سے کھیلی جا رہی ہے۔ اس کا نام ایشز کیوں اور کیسے پڑا اس کی بھی ایک دلچسپ تاریخ ہے جس پر نظر ڈالنے کے لیے ہمیں 142 سال پیچھے سفر کرنا پڑے گا۔
یہ 1882 کا سن ہے۔ انگلینڈ اور آسٹریلیا کے درمیان ٹیسٹ کا آخری روز، جب اوول کرکٹ گراؤنڈ میں انگلینڈ صرف 7 رنز سے ٹیسٹ ہاری تو اس وقت کے مقبول اخبار نے اسپورٹنگ ٹائمز نے اس خبر کو ’’انگلش کرکٹ کی موت واقع ہوگئی‘‘ کہ شہ سرخی کے ساتھ شائع کیا اور آگے لکھا کہ تدفین انگلینڈ میں ہوگی جب کہ راکھ آسٹریلیا جائے گی۔
اگلے سال جب انگلینڈ نے آسٹریلیا کو ان کے گھر جاکر پچھاڑا تو انگلش کپتان کو ایک نمائشی میچ کے بعد کچھ خواتین شائقین کرکٹ نے بیلز کی راکھ دی تھی۔
یہ راکھ (ایش) کو چھوٹے سے آتش دان میں رکھ کر 100 کیوبک انچ کی ٹرافی بنائی گئی تھی اور اب اسی ٹرافی کے حصول کے لیے لگ بھگ ڈیڑھ صدی سے دنیائے کرکٹ کی دو ٹیمیں ہر سال صف آرا ہوتی ہیں اور اس جنگ کو ’’ایشز سیریز‘‘ کا نام دیا گیا ہے۔