پاکستان تحریک انصاف سے وزیر داخلہ سید محسن نقوی نے رابطہ کیا ہے جس کے بعد پی ٹی آئی قیادت کا بانی سے ملاقات کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔
پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین بیرسٹر گوہر نے اے آر وائی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ وزیر داخلہ محسن نقوی نے رابطہ کیا ہے اور ہمارا مطالبہ ہے کہ بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کرائی جائے۔
بیرسٹر گوہر نے کہا کہ امید ہے کہ آج ہماری بانی پی ٹی آئی سے ملاقات ہو جائے گی۔
واضح رہے کہ پاکستان میں شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) سربراہی دو روزہ اجلاس کل سے شروع ہو رہا ہے جس میں بھارت، چین، روس اور ایران سمیت تمام ممبر ممالک کے وفود شرکت کر رہے ہیں۔
ایس سی او سمٹ کے لیے حکومت پاکستان نے سخت ترین سیکیورٹی انتظامات کے ہیں۔ وفاقی دارالحکومت میں فوج تعینات۔ جڑواں شہروں میں سرکاری ونجی اداروں اور تعلیمی اداروں میں تین روز کی چھٹی کر دی گئی ہے۔ اس کے علاوہ ان ایام میں تمام دکانیں، تجارتی مراکز اور شادی ہالز بھی بند رکھے جائیں گے۔
تاہم پی ٹی آئی کی جانب سے عمران خان سے اڈیالہ جیل میں ملاقات نہ کرانے پر 15 اکتوبر کو اسلام آباد پہنچ کر احتجاج کا اعلان کیا گیا ہے۔ پی ٹی آئی کا کہنا ہے کہ ہمارا صرف اتنا مطالبہ ہے کہ اڈیالہ جیل میں قید عمران خان تک ان کے ڈاکٹر اور وکلا کو رسائی دی جائے تاکہ کارکنوں کی تشفی ہو سکے۔
دوسری جانب حکومت سمیت تمام سیاسی جماعتوں نے پی ٹی آئی سے ایس سی او سربراہی اجلاس کے موقع پر اسلام آباد میں اعلان کردہ احتجاج موخر کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔