انٹرنیشنل مکسڈ مارشل آرٹس چیمپئن شپ میں پہلے روز پاکستانی فائٹرز نے دھوم مچا دی بھارتی حریفوں کو چاروں شانے چت کر دیا۔
لاہور میں کھیلے جا رہی انٹرنیشنل مکسڈ مارشل آرٹس چیمپئن شپ میں پہلے روز پاکستانی فائٹرز نے روایتی حریف بھارتی فائٹرز کو دھول چٹا دی اور چاروں شانے چت کر کے مقابلے جیت لیے۔
پہلے روز پاکستان کے کپتان رضوان علی نے بھارتی کپتان سری کانت شیکھر کو ناک آؤٹ کر کے پچھاڑا، تو ضیا مشوانی نے بھرت کنڈھارے کی ایک نہ چلنے دی اور صرف ایک منٹ میں میدان مار لیا۔
اسماعیل خان نے کیریئر کی سب سے بڑی فائٹ میں ورلڈ سلور میڈلسٹ قازقستان کے زاہا کانشا کو شکست دے کر فتح سمیٹی، جبکہ عباس خان نے بحرین کے حریف کو چت کیا۔
ایرانی فائٹر مجتبیٰ نصیری نے نیپال کے حریف کو ناک آؤٹ کیا۔
چیمپئن شپ کے تمام مقابلے اے اسپورٹس اور اے آر وائی زیپ پر براہ راست دکھائے جا رہے ہیں۔