کراچی کے ووٹرز کے لیے ڈیجیٹل پولنگ کارڈ متعارف

پی پی 139 شیخوپوررہ

8 فروری کو ہونے والے عام انتخابات کے لیے ایم کیو ایم پاکستان نے کراچی میں اپنے ووٹرز کے لیے ڈیجیٹل پولنگ کارڈ متعارف کرا دیا ہے۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق ملک بھر میں 8 فروری کو عام انتخابات کا انعقاد ہوگا جس کے لیے ایک جانب انتظامی تیاریاں جاری ہیں تو دوسری جانب سیاسی جماعتیں بھی اپنی بھرپور تیاری کر رہی ہیں۔ متحدہ قومی موومنٹ پاکستان نے کراچی کے ووٹرز کے لیے ڈیجیٹل پولنگ کارڈ متعارف کرایا ہے۔

ایم کیو ایم پاکستان ملک کی تاریخ میں ووٹرز کے لیے ڈیجیٹل پولنگ کارڈ متعارف کرانے والی پہلی سیاسی جماعت بن گئی ہے۔ اس کے لیے ایم کیو ایم کے شعبہ آئی ٹی نے کراچی کے ووٹرز کے لیے مائی ووٹر ایپ تیار کر لی ہے جس میں ووٹر کے شناختی کارڈ نمبر کے اندراج کےساتھ ہی موبائل پر ڈیجیٹل پولنگ  کارڈ آ جائے گا۔

ڈیجیٹل ایپلی کیشن کے ذریعے ووٹرز کو اپنے ووٹ کی تمام تفصیلات مل سکیں گی، جیسا کہ قومی وصوبائی اسمبلی کے حلقے، پولنگ اسٹیشن اور ووٹنگ نمبر سب معلوم ہو سکے گا۔

مائی ووٹر ایپ پر پورے کراچی کے ووٹرز کا اندراج مرحلہ وار ٹاؤن کی سطح پر کیا جا رہا ہے اور اب تک ایم کیو ایم کراچی سے 5 لاکھ ووٹرز کا اندراج کر چکی ہے۔

 

ڈیجیٹل رابطہ مہم کے حوالے سے ایم کیو ایم مرکز پر مانیٹرنگ سیل بھی قائم کیا گیا ہے جب کہ ایم کیو ایم رابطہ کمیٹی نے ڈیجیٹل ووٹر اپلیکیشن کے حوالے سے عوام میں آگاہی مہم تیز اور زیادہ سے زیادہ ووٹرز کو اپلیکیشن پر رجسٹر کرانے کی ہدایت کی ہے۔

ایم کیو ایم کا کہنا ہے کہ انتخابات سے قبل ایم کیو ایم اپنے ووٹرز کو ڈیجیٹل ووٹر آؤٹ ریچ اپلیکیشن پر رجسٹرڈ کر لے گی۔