اسلام آباد: اینٹی کرپشن سرکل نے قومی خزانے کو کروڑوں کا نقصان پہنچانے والے 14 سرکاری ملازمین کے خلاف بدعنوانی کی تحقیقات مکمل کر لی۔
ذرائع نے اے آر وائی نیوز کو بتایا کہ سرکاری افسران اور ان کے اہل خانہ کے نام پر آمدن سے زائد اثاثے پکڑے گئے۔ اینٹی کرپشن سرکل نے مقدمات اینٹی منی لانڈرنگ سیل کو بھجوا دیے۔
متعلقہ افسران پر اینٹی منی لانڈرنگ ایکٹ کے تحت مقدمات درج کیے جائیں گے۔ ای ٹی او ہلال احمد، سابق ممبر اسٹیٹ سی ڈی اے افنان عالم، احمر علی قریشی، پرویز اختر، فراست علی، صفدر محمود ملزمان میں شامل ہیں۔
کلیم اختر اور محمد افتخار کے خلاف بھی اینٹی کرپشن میں مقدمہ درج ہے۔ سرکاری زمین فروخت کرنے اور نان کسٹم گاڑیوں کو نمبر لگانے کے مقدمات ہیں۔
ملزمان پر اختیارات سے تجاوز کرنے اور کرپشن کے مقدمات بھی درج کیے گئے۔ ذرائع نے مزید بتایا کہ ملزمان پر قومی خزانے کو کروڑوں روپے کا نقصان پہنچانے کے الزامات ہیں۔