کراچی : تفیشی ٹیم شہری ہاشم کے قتل میں ملوث اے ایس آئی مختیار کو گرفتار کرنے میں ناکام

شہری ہاشم قتل

کراچی : تفیشی ٹیم منگھوپیر میں پولیس اہلکار کی فائرنگ سے شہری ہاشم کے قتل کے ملوث اے ایس آئی مختیار کو گرفتار کرنے میں ناکام ہے تاہم پرائیوٹ شخص عابد کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے منگھوپیر میں پولیس اہلکار کی فائرنگ سے دبئی سے آئے شہری کے قتل کے واقعے میں تفتیشی ٹیم قتل میں ملوث اے ایس آئی مختیار کو گرفتار کرنے میں ناکام ہے۔

شہری کے قتل کیس میں ڈی ایس پی قمر کے بعد پرائیوٹ شخص عابد کو بھی گرفتار کرلیا ہے، تفتیشی ٹیم نے جائے وقوع کا دورہ کرکے مزید شواہد حاصل کرلئے۔

تفتیشی حکام نے بتایا کہ پولیس موبائل کی لوکیشن واقعے والے دن منگھوپیر کی ملی، پولیس موبائل 9 بجکر 13 منٹ پر منگھوپیر پہنچی اور 10بجکر24منٹ کے قریب پولیس موبائل وہاں سے نکلی۔

حکام کا کہنا تھا کہ ٹریکرکےمطابق پولیس موبائل پہلےبھی کئی بارمنگھوپیر گئی، تاہم ڈی ایس پی قمر نے پولیس موبائل کیوں دی تفتیش جاری ہے۔

یاد رہے دبئی سے آئے نوجوان ہاشم کے قتل کیس میں ڈی ایس پی قمرالزمان کو حراست میں لے لیا گیا تھا اور ملوث 3 اہم ملزمان کے ناموں کی شناخت ہوگئی تھی۔

ذرائع کا کہنا تھا کہ غیر قانونی ناکہ بندی اور فائرنگ میں ڈی ایس پی کی موبائل استعمال کی گئی ، ڈی ایس پی قمر احمداے وی ایل سی سینٹرل میں تعینات ہیں۔