’کمال آدمی تھا، لوٹ مار کے پیسوں سے گھر کی تجوریاں بھرتا رہا‘

علیم خان

ٹیکسلا: استحکام پاکستان پارٹی (آئی پی پی) کے صدر علیم خان نے چیئرمین پی ٹی آئی کا نام لیے بغیر انہیں تنقید کا نشانہ بنایا۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق ٹیکسلا میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے آئی پی پی کے صدر علیم خان نے کہا کہ کمال آدمی تھا لوٹ مار کے پیسوں سے گھر کی تجوریاں بھرتا رہا اور ہمیں مدینہ کی ریاست کا سبق پڑھاتا رہا۔

انہوں نے کہا کہ یہ ہونہیں سکتا کہ چیئرمین پی ٹی آئی کی اجازت کے بغیر گھر کی تجوریاں بھری جارہی ہوں۔

علیم خان نے کہا کہ شوکت خانم اسپتال دکھا کر ہمیں عثمان بزدار دے دیا۔

آئی پی پی صدر نے کہا کہ فیض حمید نے مجھے گرفتار کروایا، جہانگیر ترین کے خلاف پرچے کٹوائے، فیض حمید کو اپنی پڑی تھی وہ آرمی چیف بننا چاہتا تھا۔

دوسری جانب آئی پی پی رہنما فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ جہانگیر ترین، علیم خان کی قیادت میں پارٹی آگے بڑھ رہی ہے، الیکشن کا سائرن بج چکا ہے، الیکشن شیڈول میں صف بندی کے بعد اہم فیصلے کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ جہانگیر ترین اور علیم خان شاہین کے دو بازو ہیں ہم اپنے زور بازو سے آگے جائیں گے، ہماری پارٹی ملک کو مستحکم کرنے کے لیے رواں دواں ہے۔