استحکام پاکستان پارٹی کی رہنما فردوس عاشق اعوان نے سابق وفاقی وزیر پرویز خٹک کے نئی پارٹی بنانے کے اعلان پر کہا ہے کہ انہوں نے ہماری تقلید کی ہے۔
9 مئی واقعے کے بعد ملک کے سیاسی افق پر جنم لینے والی نئی سیاسی جماعت استحکام پاکستان پارٹی کی مرکزی رہنما فردوس عاشق اعوان نے اے آر وائی نیوز کے پروگرام الیونتھ آور میں گفتگو کرتے ہوئے پی ٹی آئی پارلیمنٹرینز کے نام سے نئی سیاسی جماعت کے قیام کو ملکی سیاست میں خوش آئند قرار دیا ہے اور کہا ہے کہ پرویز خٹک نے بھی ہماری ہی تقلید کی ہے۔
فردوس عاشق اعوان نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی پارلیمنٹرینز کے قیام نے چیئرمین پی ٹی آئی کی سیاسی خوش فہمی دور کر دی۔ سیاست میں نئے انداز سے انٹری نے خیبر پختونخوا کی سیاست کو نیا رُخ دیا ہے۔ پشاور میں پی ٹی آئی کا قلعہ ریت کی دیوار ثابت ہوا اور اب اس مسمار قلعے سے نئی دیواریں اٹھائی جا رہی ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ چیئرمین پی ٹی آئی کو سوچنا چاہیے کہ ان کے جاں نثار ہی انہیں کیوں چھوڑ رہے ہیں اور ان کے بیانیے کی نفی کر رہے ہیں۔
رہنما اے پی پی نے مزید کہا کہ چیئرمین پی ٹی آئی کے غلط فیصلوں کی وجہ سے پارٹی کا شیرازہ بکھر گیا۔ انہیں اب تو اپنی غلطیوں کا اعتراف کر لینا چاہیے۔