اقبال قاسم کرکٹ کمیٹی کے سربراہ مقرر

لاہور: سابق ٹیسٹ کرکٹر اقبال قاسم کو پاکستان کرکٹ بورڈ(پی سی بی) کی کرکٹ کمیٹی کا سربراہ مقرر کردیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق 50 ٹیسٹ اور 15 ون ڈے میچوں میں پاکستان کی نمائندگی کرنے والے اقبال قاسم کو پاکستان کرکٹ کمیٹی کا سربراہ مقرر کیا گیا ہے جب کہ کمیٹی کے دیگر اراکین میں وسیم اکرم، عمر گل، عروج ممتاز اور علی نقوی شامل ہیں۔

ان اراکین کے علاوہ پاکستان کرکٹ بورڈ کے سی ای او ذاکر خان بھی کمیٹی اجلاس میں شرکت کریں گے، یہ کمیٹی کرکٹ کی بہتری ، ڈومیسٹک کرکٹ اسٹرکچر اور کھلاڑیوں کی بہتری کے حوالے سے تجاویز مرتب کرے گی۔

کمیٹی کی سفارشات کو چیئرمین پی سی بی احسان مانی کو بھجوایا جائے گا، کمیٹی کو یہ بھی اختیار ہوگا کہ وہ متعلقہ فرد کی کارکردگی کا جائزہ لینے کے غرض سے انہیں اجلاس میں طلب کر سکتی ہے۔

واضح رہے کہ 2018 میں محسن حسن خان کی سربراہی میں کرکٹ کمیٹی تشکیل دی گئی تھی تاہم گزشتہ برس محسن خان کمیٹی سے الگ ہوگئے تھے۔