اسلام آباد (3 اگست 2025): ایرانی صدر مسعود پزشکیان کا کہنا ہے کہ پاکستان ہمارا دوسرا گھر ہے، اسرائیلی جارحیت کے خلاف حمایت پر دل سے شکر گزار ہیں۔
وزیر اعظم شہباز شریف کے ساتھ مشترکہ نیوز کانفرنس کرتے ہوئے ایرانی صدر نے کہا کہ مہمان نوازی پر وزیر اعظم شہباز شریف اور پاکستانی قوم کا شکر گزار ہوں، پاکستان کے علمائے کرام اور سیاسی قیادت سے مفید گفتگو ہوئی۔
مسعود پزشکیان نے کہا کہ عصر حاضر میں امت مسلمہ کے اتحاد کی سخت ضرورت ہے، پاکستان اور ایران کے تعلقات مشترکہ ثقافت اور مذہب پر مبنی ہیں، علامہ اقبال کی شاعری ہمارے لیے بھی مشعل راہ ہے، شاعر مشرق کی شاعری کی اساس امت مسلمہ کا اتحاد ہے۔
یہ بھی پڑھیں: اسرائیلی میڈیا نے صیہونی حکومت کے خفیہ منصوبے کا بھانڈا پھوڑ دیا
انہوں نے کہا کہ پاکستان کے ساتھ اچھے تعلقات ایران کی خارجہ پالیسی کا اہم جزو ہے، دوطرفہ تعلقات کو مختلف جہتوں میں آگے بڑھا رہے ہیں، سیاسی، اقتصادی اور ثقافتی شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو فروغ دینا ترجیح ہے، مختلف شعبوں میں مفاہمتی یادداشتوں کا تبادلہ اہمیت کا حامل ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کے ساتھ روابطہ برقرار رکھنے کیلیے پرعزم ہیں، مشترکہ اقتصادی زونز کے قیام اور سرحدی تجارت کیلیے اقدامات کیے جا رہے ہیں، سرحدی سکیورٹی کو بہتر بنانے کیلیے دوطرفہ تعاون جاری ہے، علاقائی امن اور ترقی کا آپس میں گہرا تعلق ہے۔
مسعود پزشکیان نے مزید کہا کہ اسرائیل خطے کو عدم استحکام کا شکار کرنے کے ایجنڈے پر عمل پیرا ہے، غزہ، لبنان اور شام میں جارحیت اسرائیلی مذموم عزائم کا حصہ ہیں۔
ایرانی صدر نے کہا کہ امن کیلیے مسلمان ممالک کو متحد ہونا چاہیے، اسرائیل کی جارحیت خطے کے امن کو داؤ پر لگا رہی ہے، سلامتی کونسل کو اسرائیلی مظالم کا فوری نوٹس لینا چاہیے۔