تہران : ایران کی معروف اداکارہ ترانہ علی دوستی نے ٹرمپ کی متعصبانہ پالیسیوں پر شدید احتجاج کیا ہے اورآسکر ایوارڈ کی تقریب میں شرکت سے انکار کردیا ہے۔
ایرانی اداکارہ ترانہ علی دوستی نے ٹرمپ کی مسلم دشمنی پالیسی کیخلاف احتجاج کرتے ہوئے آسکرایوارڈ کی تقریب میں شرکت سے انکار کردیا ہے، سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر اپنے پیغام میں ایرانی اداکارہ نے کہا کہ انہوں نے ٹرمپ کے نسل پرست اقدام کیخلاف آسکرایوارڈ کی تقریب کے بائیکاٹ کا اعلان کیا ہے۔
Trump’s visa ban for Iranians is racist. Whether this will include a cultural event or not,I won’t attend the #AcademyAwards 2017 in protest pic.twitter.com/CW3EF6mupo
— Taraneh Alidoosti (@t_alidoosti) January 26, 2017
ایرانی اداکارہ نے کہا کہ انہیں افسوس ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ مسلمان ملکوں کے شہریوں کے امریکا میں داخلے پر پابندی عائد کر رہے ہیں۔
انہوں نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے ایرانیوں کے امریکا میں داخلے کی پابندی کو نسل پرستانہ قرار دیتے ہوئے اس کی شدید مذمت کی، انہوں نے کہا کہ چاہے امریکا میں مجھے کسی ثقافتی تقریب میں مدعو کیا جائے یا کسی اور کام کے لیے بلایا جائے۔ میں بطور احتجاج آسکر ایوارڈ کی تقریب سمیت کسی بھی دوسرے تقریب میں شرکت نہیں کروں گی۔
خیال رہے کہ ایرانی فلم "البائع” آسکر ایوارڈ کے لیے نامزد کی گئی ہے۔ ایرانی اداکارہ ترانہ علی دوستی جو فلم ’البائع‘ میں ہیروئن کا کردار ادا کرچکی ہیں اور اداکارہ علی دوستی کو ایوارڈ کی تقسیم کے لیے منعقدہ تقریب میں مدعو کیا گیا ہے۔
مزید پڑھیں : ٹرمپ کا سات مسلمان ممالک کے ویزا پر پابندی کا اعلان
واضح رہے کہ امریکا کے نئے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے سات مسلمان ممالک کے شہریوں کے امریکا میں داخلے پر پابندی عائد کی ہے۔ ان میں ایران بھی شامل ہے۔