ایران کا ایٹمی اور بلیسٹک میزائل پروگرام انسانیت کے لیے خطرہ ہے، نیتن یاہو

اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو کا کہنا ہے کہ ایران کا ایٹمی اور بلیسٹک میزائل پروگرام انسانیت کے لیے خطرہ ہے۔

اسرائیلی وزیراعطم نیتن یاہو نے ایرانی اپوزیشن کے برطانیہ سے چلنے والے ٹی وی چینل کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ ایرانی عوام کی آزادی کا وقت آگیا ہے، ایران کے خلاف جنگ سے عوام کو آیت اللہ حکومت گرانے کا موقع ملے گا۔

انہوں نے کہا کہ ہماری جنگ دفاعی ہے لیکن آزادی کی راہ بھی ہموار ہورہی ہے، آزادی کی گھڑی آن پہنچی ہے۔

ایران اسرائیل جنگ سے متعلق تازہ ترین خبریں

نیتن یاہو کا کہنا تھا کہ ایرانی عوام کو غربت، موت اور دہشت گردی کے علاوہ کچھ نہیں ملا، عوام ہی ایران کا مستقبل ہیں یہ آمر زیادہ دیر نہیں چلیں گے۔

اس سے قبل اسرائیلی وزیر دفاع کاٹز کا کہنا تھا کہ میں ایرانی آمر کو خبردار کرتا ہوں وہ بھی اسی طرح انجام کو پہنچ سکتے ہیں، جیسا عراق کے معزول صدر صدام حسین کا ہوا تھا۔

کاٹز کا کہنا تھا کہ خامنہ ای پڑوسی ملک کے ڈکٹیٹر کی قسمت کو یاد رکھیں، جس نے اسرائیل کے خلاف یہی کچھ کیا تھا جو وہ آج کر رہے ہیں۔

اسرائیلی وزیر دفاع نے تہران کے رہائشیوں کیلئے اسرائیلی دھمکیوں کو دہراتے ہوئے کہا تہران میں حکومت اور فوجی اہداف کے خلاف کارروائی جاری رکھیں گے۔