عراقی حاجی خاتون کی حرکت قلب اچانک بند، 23 منٹ بعد دوبارہ زندگی کی جانب لوٹ آئیں

حج کی سعادت حاصل کرنے کے روضہ رسول ﷺ پر حاضری کے لیے مدینہ جانے والی عراقی خاتون کی حرکت قلب اچانک بند ہوگئی تاہم بروقت طبی امداد سے 23 منٹ بعد وہ دوبارہ زندگی کی طرف لوٹ آئیں

غیر ملکی میڈیا کے مطابق عراقی خاتون جو فریضہ حج کی ادائیگی کے بعد روضہ رسول ﷺ پر حاضری کے لیے مدینہ منورہ آئی تھیں۔ انہیں بے ہوشی کی حالت میں المصافیہ طبی مرکز لایا گیا جہاں ان کی حالت انتہائی نازک تھی، نظام تنفس اور حرکت قلب مکمل بند ہو چکی تھی۔

اس موقع پر طبی یونٹ کی بر وقت انہیں طبی امداد فراہم کی اور خاتون کی حرکت قلب بحال کرنے کے لیے بجلی کے 6 جھٹکے دیے جس سے ان کی حرکت قلب اور سانس 23 منٹ رکے رہنے کے بعد بحال ہوگئی اور وہ دوبارہ زندگی کی طرف لوٹ آئیں۔

ابتدائی ہنگامی طبی امداد کے بعد متاثرہ خاتون کو مکمل طبی معائنے کے لیے امراض قلب کے اسپتال میں داخل کر دیا گیا جہاں ان کی حالت بہتربتائی جاتی ہے۔

واضح رہے وزارت صحت کے مطابق اس سال حج سیزن میں اب تک 20 ہزار سے زائد حجاج کو مختلف نوعیت کی طبی خدمات فراہم کی جا چکی ہیں جبکہ امراض قلب کے یونٹ نے 11 حجاج کی اینجو پلاسٹی ، گردے کے امراض میں مبتلا 27 حجاج کو ڈائیلاسیس کی خدمات فراہم کیں اور مختلف نوعیت کے 9 آپریشن بھی کیے گئے۔