پاکستانی ٹیم کی بھارت آمد پر عرفان پٹھان کا طنزیہ بیان

بھارتی کرکٹ ٹیم کے سابق فاسٹ بولر عرفان پٹھان اپنی حب الوطنی ظاہر کرنے کا کوئی موقع ہاتھ سے جانے نہیں دیتے، اس بار بھی پاکستانی ٹیم کی انڈیا آمد کے بعد وہ اپنے خبط سے بعض نہ آئے۔

سوشل میڈیا سائٹ (ایکس) پر موجودہ کمنٹیٹر نے بظاہر طنز کرتے ہوئے ایک پوسٹ شیئر کی ہے جس میں انھوں نے کہا کہ ’’لوگ ہماری مہمان نوازی سے حیران ہیں، ہم صرف کرکٹ ہی نہیں زندگی کے ہر شعبے میں بہترین میزبان ہیں۔‘

ٹوئٹ میں مزید اضافہ کرتے ہوئے انھوں نے لکھا کہ اس بار ورلڈکپ 2023 کھیلنے کے لیے آنے والی تمام ٹیموں کا یہ یادگار ٹورنامنٹ ہوگا۔

چند مداحوں نے اسے طنز قرار دیتے ہوئے عرفان پٹھان کو آئینہ دکھایا اور بتایا کہ حیدرآباد میں قومی ٹیم کے آمد پر واحد پاکستانی چاچا بشیر کو ائیر پورٹ پر پاکستانی جھنڈا لہرنے سے روک دیا گیا تھا۔

ایک صارف نے انھیں کرارا جواب دیتے ہوئے کہا کہ شاید آپ کراچی ٹیسٹ بھول گئے جہاں آپ نے ہیٹرک کی تھی اور شائقین نے آپ کوبہت سراہا تھا، سمجھ نہیں آتا آپ اتنے زہریلے کیوں ہو جاتے ہو!۔

ایک پاکستانی صارف نے بھی انھیں دوبدو جواب دیتے ہوئے لکھا کہ اگر ایشیاکپ میں بھارت آتا تو وہ بھی ہماری مہمانوازی دیکھتا۔