ویسٹ انڈیز میں موجود عرفان پٹھان کو گہرا صدمہ

عرفان پٹھان

سابق بھارتی کرکٹر عرفان پٹھان کے میک اپ آرٹسٹ فیاض انصاری کی سوئمنگ پول میں ڈوبنے سے موت ہوگئی۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق ریاست یوپی کے بجنور کے رہائشی میک اپ آرٹسٹ فیاض انصاری، عرفان پٹھان کے ساتھ ویسٹ انڈیز گئے جہاں وہ سوئمنگ پول میں ڈوب کر جاں بحق ہوگئے۔

فیاض کے اہلخانہ کا کہنا ہے کہ وہ عرفان پٹھان کے ساتھ ویسٹ انڈیز گئے تھے جو ٹی 20 ورلڈ کپ میں کمنٹری کے فرائض انجام دے رہے ہیں۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق فیاض کئی سالوں سے ممبئی میں میک اپ آرٹسٹ کے طور پر کام کررہے تھے، عرفان پٹھان ایک دن اس کے سیلون پر آئے جس کے بعد دونوں میں دوستی ہوگئی اور عرفان پٹھان نے انہیں اپنا میک اپ آرٹسٹ بنا لیا اور انہیں ساتھ بیرون ملک دوروں پر لے جانے لگے۔

عرفان پٹھان

فیاض انصاری کے چچا زاد بھائی محمد احمد کا کہنا ہے کہ ویسٹ انڈیز سے اطلاع ملی ہے کہ جمعہ کی شام ہوٹل کے سوئمنگ پول میں ڈوبنے سے فیاض کی موت ہوگئی ہے۔

محمد احمد کے مطابق فیاض انصاری کی شادی دو ماہ قبل ہوئی تھی، ان کی اچانک موت سے گھر میں کہرام مچ گیا ہے۔

 انہوں نے بتایا کہ عرفان پٹھان خود ویسٹ انڈیز میں تمام کارروائیاں مکمل کرنے کے بعد میت کو بھارت بھیجنے کی تیاری کر رہے ہیں، فیاض کی میت لینے اہلخانہ دہلی جائیں گے اس عمل میں تین سے چار دن لگ سکتے ہیں۔