پڑوسی ملک میں بھی جب بھی کرکٹ ورلڈ کپ منعقد ہوتا ہے تو اسے ٹرافی اٹھانے کا مضبوط دعویدار سمجھا جاتا ہے، مگر اب تک بھارت اپنی سرزمین پر صرف 2011 کا ورلڈ کپ جیتنے میں ہی کامیاب ہوا، کیا اب بھی چمکتی ٹرافی حاصل کرنا بھارت کے لیے دلی ہنوز دور است کے مترادف ہوگا؟
بھارتی ٹاپ اسپنر روی چندرن ایشون نے اپنے آفیشل یوٹیوب چینل پر اس کا جواب دیے ہوئے کہا ہے کہ انڈین ٹیم اپنی سرزمین پرمنعقد ہونے والے آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ میں ٹائٹل کی مضبوط دعویدار کی حیثیت سے اترے گی۔
ایشون سے پوچھا گیا تھا کہ کیا اس بار انڈیا آئی سی سی ٹائٹل حاصل کرنے کا قحط ختم کر پائے گا؟ انھوں نے کہا کہ 2019 میں بھی ہم ورلڈ کپ فیورٹس میں شامل تھے، ہر میچ میں دونوں ٹیموں کے جیتنے کے چانسز 50، 50 ہوتے ہیں لیکن مجھ سے پوچھیں تو کرکٹ ورلڈ کپ 2023 میں ہماری ٹیم ٹائٹل فیورٹ کے طور پر اترے گی۔
آف اسپنر نے کہا کہ سوشل میڈیا پر یہ سوال زیر گردش ہے کہ کیا بھارت آئی سی سی ٹرافی جیت پائے گا یا نہیں؟ کچھ پہلوؤں کو چھوڑ کر اس بار بھارتی ٹیم کے پاس اچھا موقع موجود ہے۔