نیو یارک (27 جولائی 2025): نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار کا کہنا ہے کہ کوئی کسی غلط فہمی میں نہ رہے، عافیہ صدیقی پاکستان کی بیٹی اور حکومت کی ترجیح ہیں۔
پاکستانی کمیونٹی سے خطاب کرتے ہوئے اسحاق ڈار نے کہا کہ عافیہ صدیقی کے معاملے کے حل تک کوشش کرتے رہیں گے، بانی پی ٹی آئی عمران خان کی رہائی کے حوالے سے مجھ سے سوال ہوا تو میں نے کہا کہ جب ہم ان کی بات کرتے ہیں تو کہا جاتا ہے قانونی عمل اجازت نہیں دیتا۔
اسحاق ڈار نے کہا کہ عمران خان کے معاملے میں بھی قانونی عمل ہے، کسی کو انگریزی نہیں آتی تو میرا کیا قصور، ساری دنیا امریکا میں پاکستان کی سرگرمیوں کو سرا رہی ہے، مخالفین شروع ہوگئے جس کی مجھے وضاحت کرنا پڑ گئی۔
یہ بھی پڑھیں: حکومت عافیہ صدیقی کے معاملے میں کسی طور غافل نہیں، وزیر اعظم
نائب وزیر اعظم نے مزید کہا کہ حکومت نے پوری کوشش کی اور سابق امریکی صدر جوبائیڈن کو عافیہ صدیقی کے معاملے پر خط بھی لکھا تھا، وزیر اعظم شہباز شریف نے دو روز قبل ان کی بہن سے ملاقات بھی کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ عافیہ صدیقی کی رہائی کیلیے پاکستان نے سرتوڑ کوششیں کی ہیں۔
گزشتہ روز اسحاق ڈار نے اپنے بیان میں واضح کیا کہ عافیہ صدیقی کیس حوالے کو سیاق و سباق سے ہٹ کر لیا جا رہا ہے، اٹلانٹک کونسل تھنک ٹینک میں عمران خان کے کیس سے متعلق سوال کیا گیا جس کے جواب میں ان کے کیس کا حوالہ دیا۔
اسحاق ڈار نے کہا کہ ن لیگ ادوار حکومت میں ہمیشہ عافیہ صدیقی کی رہائی کیلیے معاونت کرتے رہے، ان کی رہائی کیلیے تمام سفارتی اور عدالتی معاونت فراہم کرتے رہے ہیں۔