نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار کا کہنا ہے کہ بھارت کی سیاسی قیادت سے پاکستان کے ہاتھوں شکست ہضم نہیں ہو رہی، وہ کبھی کہتی ہے جنگ بندی عارضی ہے اور کبھی کہتی ہے یہ ٹریلر تھا فلم باقی ہے۔
کوالالمپور میں پاکستانی کمیونٹی سے خطاب کرتے ہوئے اسحاق ڈار نے کہا کہ پہلگام واقعے کے بعد بھارت نے پاکستان کے خلاف جو قدم اٹھایا ہم نے ویسا ہی اسے جواب دیا، بھارت کے سندھ طاس معاہدے کی معطلی کے جواب میں ہم نے فضائی حدود بند کی۔
نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ نے کہا کہ بھارتی بیانیے کو عالمی سطح پر پذیرائی نہیں ملی، ہم روایتی نہیں اقتصادی سفارتی کاری پر عمل پیرا ہیں، پاکستان کے سفارتی سطح پر تنہا ہونے کے بھارتی دعوے غلط ثابت ہوئے، دہشتگردی کا سب سے زیادہ شکار ہم ہیں، ہم نے اس بار بھارت کا جھوٹا بیانیہ دنیا میں بننے ہی نہیں دیا، بھارت نے پلوامہ واقعے کا الزام بھی پاکستان پر لگایا تھا۔
یہ بھی پڑھیں: بلااشتعال حملوں کے جواب میں دفاع ایران کا حق ہے، اسحاق ڈار
اسحاق ڈار نے بتایا کہ 6 مئی 2025 کی رات بھارت نے اپنے لڑاکا طیارے بھیجے، ہمارے پائلٹ کو ہدایات تھیں کہ بھارتی طیارے ہماری حدود میں نہیں آتے تو حملہ نہیں کرنا، دوسری ہدایت تھی کہ کسی آبادی کو نشانہ نہیں بنانا، الحمداللہ دنیا نے دیکھا کہ پاکستان نے بھارت کے 6 طیارے مار گرائے۔
انہوں نے کہا کہ بھارت جو چاہے مرضی کہے ہم بھی تیار ہیں، دونوں ممالک ایٹمی قوت ہیں ذمہ داری کا مظاہرہ کرنا چاہیے، اللہ نے پاکستان کے ہاتھوں بھارت کا غرور خاک میں ملا دیا، بھارت جنگ بندی قائم رکھتا ہے تو ہم بھی قائم رکھیں گے۔
اپنے خطاب میں اسحاق ڈار نے یہ بھی بتایا کہ ایران اور اسرائیل کے درمیان جنگ کے دوران ہمارا جو فرض تھا وہ نبھایا، ہم نے بیک ڈور میں اپنی ذمہ داری ادا کی ہے، میں ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی سے مسلسل رابطے میں تھا۔
اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ لوگوں نے کہا کہ آپ کے تو امریکا سے تعلقات اچھے ہو رہے ہیں لیکن میں نے کہا کہ تعلقات کا مطلب یہ نہیں کہ خاموشی سے بیٹھ جائیں، اللہ کا شکر ہے ایران کی پارلیمنٹ میں پاکستان تشکر کے نعرے لگے، ایرانی حکومت اور عوام نے پاکستان کا شکریہ ادا کیا۔