اسلام آباد: وزیر خزانہ اسحاق ڈار کا کہنا ہے کہ اللہ تعالیٰ نے پاکستان کو دنیا میں رہنے کیلئے قائم کیا ہے، پاکستان کی معاشی ترقی اللہ تعالیٰ کے ذمے ہے۔
تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں گرین لائن ٹرین کی افتتاحی تقریب سے خطاب میں وزیرخزانہ اسحاق ڈار نے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے پاکستان کودنیا میں رہنےکےلیےقائم کیاہے،یہ واحد ملک ہےجو کلمہ طیبہ کےنام پربنا تھا،سعودی عرب بھی کلمہ شریف کےنام پرنہیں بنا۔
وزیر خزانہ نے منطق اپنائی کہ اللہ نے پاکستان بنایا تواس کی حفاظت،ترقی،خوشحالی بھی اللہ تعالیٰ کےذمےہے، اعتراف کرتا ہوں کہ پاکستان معاشی دلدل میں ہے،سخت محنت کرنا ہوگی،دلدل سےنکل جائیں گے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر خزانہ کا کہنا تھا کہ ہماری پوری ٹیم دن رات کام کررہی ہے،عام انتخابات میں جانےسے پہلے ہم بہتری لائیں گے، پانچ سال پہلے پاکستان کی معیشت کیا تھی؟اب کیا ہے؟ گذشتہ چار پانچ سال کے دوران ملکی معیشت کےساتھ کیا کیا گیا؟احتساب ہونا چاہیے،تحقیقات ہونی چاہیے کہ کیوں پانچ سال میں ملک کی معیشت تباہ کی گئی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر خزانہ کا کہنا تھا کہ پانچ سال میں جو پانامہ ڈرامہ، ن لیگ کو فارغ کرو جیسی چیزیں آج پاکستان بھگت رہا ہے، نواز شریف کے دور میں دنیا کے تمام ادارے ہماری طرف دیکھ رہے تھے، بدقسمتی سے آج پانچ سال بعد ہم کہاں کھڑے ہیں۔