پی ٹی آئی حکومت مزید 6 ماہ رہتی تو ملک ڈیفالٹ کر جاتا: اسحاق ڈار

نیویارکـ(27 جولائی 2025): نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی حکومت مزید چھے ماہ رہتی تو ملک ڈیفالٹ کر جاتا۔

تفصیلات کے مطابق نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے نیو یارک میں پاکستانی کمیونٹی سے خطاب میں کہا کہ ہم نے ملک کو بچایا ہے،  ڈیفالٹ کا خطرہ اب دفن ہوچکا ہے، جب بھی معاشی معاملات خراب ہوتے ہیں مجھے یاد کیا جاتا ہے۔

اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ مہنگائی کی شرح میں نمایاں حد تک کمی واقع ہو چکی ہے، زرمبادلہ کے ذخائر میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے، ملک میں معاشی استحکام آ چکا ہے، ہمارا ہدف پاکستان کو جی 20 میں شامل کرنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اوورسیز پاکستانی ملک کا سرمایہ ہیں، حکومتی کوششوں کی بدولت معیشت میں نمایاں بہتری آئی ہے، تین سال کی قلیل مدت میں معاشی اشاریوں میں بہتری لائی گئی، جی ڈی پی گروتھ میں نمایاں بہتری آئی ہے، تمام عالمی مالیاتی ادارے پاکستان کی معاشی بہتری کے معترف ہیں۔

انہوں نے کہا کہ تمام مالیاتی عالمی ادارے پاکستان کی معاشی بہتری کے معترف ہیں، دنیا کی چوتھی بڑی معیشت پی ٹی آئی کے 4 سالہ دور کے بعد نیچے چلی گئی، تحریک عدم اعتماد کامیاب ہونے پر 16 ماہ پی ڈی ایم کی حکومت رہی، ملک میں انتخابات ہوئے شہبازشریف دوسری بار اتحادی حکومت کے وزیراعظم بنے۔

ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم شہبازشریف نے ملک میں معاشی استحکام کیلئے بے پناہ محنت کی ہے، نواز شریف وفاقی حکومت اور پنجاب حکومت کی  مسلسل نمائندگی کررہے ہیں، یہ حقیقت ہے کہ ماضی میں پاکستان سفارتی سطح پر تنہائی کا شکار ہوا۔

نائب وزیراعظم کا کہنا تھا کہ افغانستان ہمارا ہمسایہ ملک ہے، 19 اپریل کو 4 سال بعد کابل گیا تھا، افغانستان کیساتھ تجارت، افغان مہاجرین اور دیگر امور پر بات ہوئی، افغانستان کیساتھ کمٹمنٹ ہے کہ ایک دوسرے کی سرزمین دہشتگردی کیلئے استعمال نہیں ہونے دینگے، ملک سے دہشتگردی کے ناسور کے مکمل خاتمے کیلئے پرعزم ہیں۔

اسحاق ڈار نے گفتگو میں کہا کہ اس ماہ پاکستان نے اقوام متحدہ سیکیورٹی کونسل کی صدارت کی، پاکستان اسوقت سفارتی سطح پر بہت متحرک ہے، ہم افغانستان کے خیرخواہ ہیں ان کی ترقی اور خوشحالی چاہتے ہیں، پاکستان دنیا میں جاری تنازعات کا حل چاہتا ہے۔

نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے بتایا کہ امریکی وزیر خارجہ سے ملاقات نہایت مفید رہی ہے، پاکستان امن پسند ملک ہے، ہماری ایٹمی طاقت ملکی دفاع کیلئے ہے، ہمارے لئے کوئی بھی چھوٹا یا بڑا ملک ایک جیسا ہے، پاکستان دیگر ممالک کی خود مختاری کا بھی احترام کرتا ہے۔

پاک بھارت کشیدگی سے متعلق گفتگو میں انہوں نے کہا کہ ہم نے بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا، وہ کہتے تھے رافیل کوئی گرا نہیں سکتا پاکستان نے 4 رافیل گرادیئے، ہم نے بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا، پاکستان نے رافیل طیارے گرا کر بھارت کا غرور خاک میں ملایا۔

اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ پہلگام واقعے کے بعد بھارت نے جو اقدامات کئے پاکستان نے بھی ویسے ہی جواب دیا، 4 رافیل سمیت 6 فائٹر طیارے گرائے تو بھارت بوکھلاہٹ کا شکار ہوگیا تھا، وزیراعظم شہبازشریف نے پہلگام واقعہ پر بھارت کو عالمی تحقیقات کی پیشکش کی، فیلڈ مارشل اور موجودہ حکومت پاکستان کی کامیابی کا نشان بن چکے ہیں۔