وزیر خزانہ اسحاق ڈار کا کہنا ہے کہ نگراں وزیراعظم بننے کے لیے کوئی لابنگ نہیں کی۔
اے آر وائی نیوز سے غیر رسمی بات چیت کرتے ہوئے وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کہا کہ جو بھی نگراں وزیراعظم آئے ملک کے لے اچھا ہو، نگراں وزیراعظم کون ہوگا یہ اللہ ہی جانتا ہے۔
اسحاق ڈار نے کہا کہ مجھے خدا نے سینیٹ میں قائد ایوان کے عہدے سے نواز رکھا ہے، مارچ 2024 تک سینیٹ میں قائد ایوان رہوں گا۔
وزیر خزانہ نے کہا کہ دوست ممالک اور عالمی کمپنیاں سرمایہ کاری کی خواہش مند ہیں، سرمایہ کاروں کی سہولت کے ہلیے وفاق اور صوبے مل کر کام کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کے پاس اربوں ڈالر کا گیس پائپ لائن نظام ہے، گیس انفرا سٹرکچر 42 ارب ڈالر مالیت سے زیادہ کا ہے، زراعت آئی ٹی اور معدنیات کے شعبوں میں خصوصی توجہ دی جارہی ہے۔
اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان ایک خود مختار ملک ہے، میں میثاق معیشت پر یقین رکھتا ہوں، ماضی میں بھی میثاق معیشت کی بات کی تھی۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان سے متعلق سرمایہ کاری کے لیے دوستانہ تشخص کو اجاگر کرنا ہوگا، اب بھی وقت ہے چارٹر آف اکانومی کرنے میں زیادہ تاخیر نہیں ہوئی۔