’پانی کا مسئلہ حل کرنے میں ناکامی جنگ کے مترادف‘: اسحاق ڈار کا واضح پیغام

’پانی کا مسئلہ حل کرنے میں ناکامی جنگ کے مترادف‘: اسحاق ڈار کا واضح پیغام

اسلام آباد: نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان ہر قسم کی دہشت گردی کی مذمت کرتا ہے۔

تفصیلات کے مطابق نائب وزیراعظم و وزیرخارجہ اسحاق ڈار نے سی این این کو انٹرویو میں کہا کہ پاکستان نے بھارت پر حملے کیلئے جوہری ہتھیار استعمال کرنے پر غور نہیں کیا تھا لیکن پورا یقین تھا ہماری صلاحیت اتنی مضبوط ہے کہ بھارت کو زمین اور فضا میں شکست دینگے۔

پاکستان کے نائب وزیراعظم نے کہا کہ جوہری آپشن کبھی میز پر نہیں تھا، بھارت نے دیکھ لیا اس کے ساتھ کیا ہوا، بھارت کو علم ہوگیا تھا کہ کتنا سنگین نقصان ہوچکا ہے، ہمیں امریکی وزیرخارجہ مارکو روبیو نے پیغام دیا بھارت لڑائی روکنے کیلئے تیار ہے۔

وزیراعظم نے آل پارٹیز کانفرنس (اے پی سی) طلب کرلی

اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ بعض اوقات بہت سنجیدہ فیصلے لینے پڑتے ہیں، اسلام آباد کے پاس اپنے دفاع میں حملے کے سوا کوئی چارہ نہیں تھا اور پاکستان طویل مدتی امن کیلئے ایسے راستے کا منتظر ہے جو دونوں ممالک کیلئے باوقار ہو، پاکستان ہر قسم کی دہشت گردی کی مذمت کرتا ہے۔

نائب وزیراعظم نے مزید کہا کہ یقین ہے ڈونلڈ ٹرمپ پاکستان کی انسداددہشت گردی کی کوششوں کی حمایت کرتے ہیں، اسحاق ڈار نے واضح کیا کہ پانی کا مسئلہ حل کرنے میں ناکامی جنگ کے مترادف ہوگا۔

واضح رہے کہ گزشتہ ماہ مقبوضہ کشمیر میں 22 اپریل کو پہلگام فالس فلیگ آپریشن کی آڑ لے کر بزدل دشمن بھارت نے 7 مئی کو رات کی تاریکی میں پاکستان پر حملہ کیا تھا۔ میزائل اور ڈرون حملوں میں 26 سے زائد معصوم پاکستانی شہید اور درجنوں زخمی ہوئے تھے۔

مزید پڑھیں : وزیراعظم کا ہر سال 10 مئی کو ’’یوم معرکہ حق‘‘ منانے کا اعلان 

پاک فوج نے اس کے ردعمل میں دفاع وطن کے لیے منہ توڑ جواب دیتے ہوئے بھارت کا غرور سمجھے جانے والے رافیل طیاروں سمیت 6 جنگی طیارے اور اسرائیلی ساختہ تمام ڈرونز مار گرائے لیکن جب بھارت کا جنگی جنون ختم نہ ہوا تو 10 مئی کی علی الصباح بھارت کے خلاف آپریشن بنیان مرصوص شروع کیا اور چند گھنٹے میں ہی بھارت کو گھٹنے ٹیکنے پر مجبور کر دیا۔